ظفراکبربٹ کا دورہ چندی گڑھ‘ سیاسی ‘سماجی اور سول سوسائٹی کے اراکین سے ملاقات

مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے ان سے مسئلہ کشمیر کے پرا من حل میں مدد کی اپیل کی گئی

منگل 29 مارچ 2016 13:42

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 مارچ۔2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنماء اور جموں وکشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے پنجاب کے دورے کے دوران چنڈی گڑھ میں کئی سیاسی ، سماجی اور دیگر تنظیموں کے ذمہ داروں اورسول سوسائٹی کے اراکین سے ملاقا ت کی اورانہیں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے ان سے مسئلہ کشمیر کے پرا من حل میں مدد کی اپیل کی۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ظفر بٹ نے سماجی اور سیاسی تنظیموں سے کہاکہ وہ جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن و سلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے کشمیریوں کی جاری جدوجہد آزادی میں انکی حمایت کریں تاکہ مسئلہ کشمیر کا دیرپا اور پائیدار حل تلاش کیا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے پر امن حل سے ہی خطے میں امن و امان کا ماحول قائم ہو سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

حریت رہنماء نے سانحہ لاہور میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دہشتگردوں کی غیر انسانی کارروائی قراردیا۔ انہوں نے اسے انسانیت کے خلاف جنگ قراردیتے ہوئے دنیا بھر کے امن پسند قوموں سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردی کی غیر انسانی کارروائیوں میں ملوث غیر ریاستی عناصر کے خاتمے کیلئے پاکستان کی مدد کریں۔ ادھرحریت رہنماء مختار احمد وازہ،شبیر احمد ڈاربلال صدیقی ،سید سلیم گیلانی ،محمد احسن اونتوں اوردیگر نے اپنے بیانات میں سانحہ لاہور پر رنج و غم کا اظہارکرتے ہوئے پاکستان کی حکومت اور عوام سے یکجہتی اور ہمدردی کااظہار کیا ہے۔

انہوں نے سانحہ لاہور کو انسانیت پر حملہ قرار دیا۔انہوں نے کہاکہ یہ ظلم وبربریت اور درندگی کی انتہا ہے جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ معصوم جانوں کا قتل انسانیت پر بدترین داغ ہے۔ انہوں نے اس سانحے میں زخمی ہونیوالے سینکڑوں افراد کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔