بھارت اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے تحریک آزادی کو ہرگز دبا نہیں سکتا،میر واعظ

ہفتہ 23 اپریل 2016 16:28

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔23 اپریل۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں اپنے حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمرفاروق نے کہا ہے کہ بھارت آزادی پسند کشمیری قیادت کو نظر بند کر کے اور دیگر اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے تحریک آزادی کو ہرگز دبا نہیں سکتا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے ، جنہیں سرینگر میں اپنے گھر میں نظر بند رکھا گیا ہے ، ایک بیان میں جمہوریت پسندی اور اظہار خیال کی آزادی کے بھارت حکومت اور کٹھ پتلی انتظامیہ کے دعوؤں کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ علاقے کو عملاً ایک جیل خانے میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گھر میں نظر بندی کے باعث 22اپریل کو وہ مسلسل دوسری مرتبہ جمعہ کی نماز ادا نہیں کرسکے۔ میر واعظ نے کہا کہ بھارت کٹھ پتلی انتظامیہ اور اپنی فورسز کے ذریعے آزادی پسند قیادت اور عام لوگوں کے جذبہ آزادی کی دبانے کی بھر پور کوشش کررہاہے جس میں اسے ہرگز کامیابی حاصل نہیں ہو گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خطے میں حالات کی بہتری مسئلہ کشمیر کے حل سے جڑی ہوئی ہے اور جب تک اس مسئلے کو حل نہیں کیا جاتا ، کشمیر میں امن قائم نہیں ہوسکتا اور نہ خطے کے حالات بدلیں گے۔ دریں اثنا جامع مسجد سرینگر کے امام حی مولانا سید احمد نقشبندی نے میرواعظ کی گھر میں مسلسل نظر بندی اور انہیں مذہبی فرائض کی ادائیگی سے روکنے کو انتہائی افسوسناک قرار دیاہے۔

متعلقہ عنوان :