گرمی میں مچھر کے ستائے شہریوں کیلئے ایک اور خوشخبری ،محکمہ موسمیات کی بارش کی پیشگوئی

منگل 10 مئی 2016 11:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 مئی۔2016ء ) گرمی اورلوڈشیڈنگ میں مچھر کے ستائے شہریوں کیلئے ایک اور خوشخبری ،محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں اتوار تک بارش کی پیشگوئی کردی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواوٴں کا سلسلہ پاکستان کے وسطی اور بالائی علاقوں میں داخل ہو گیا۔ اتوار تک خیبر پختونخواہ، اسلام آباد، پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواوٴں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

رواں ہفتہ کے دوران فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی تیز ہواوٴں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے ۔ بدھ سے جمعہ کے دوران جنوبی پنجاب (ملتان، ڈی جی خان،بہاولپور ڈویژن)، شمال مشرقی بلوچستان (کوئٹہ،ژوب، قلات اور سبی ڈویژن) اور بالائی سندھ (سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن) میں چند ایک مقامات پر تیز ہواوٴں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

اس دوران تیز ہواوٴں /آندھی اور بارش کے باعث درجہ حرارت میں 3 سے 5 ڈگری کمی ہوگی ۔ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا۔ بالائی خیبر پختونخواہ(مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان ڈویژن)، بالائی پنجاب (راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن)، اسلام آباد، کوئٹہ، ژوب، قلات، سبی ڈویژن، فاٹا، گلگت بلتستان اورکشمیر میں بعض مقامات پر تیز ہواوٴں اور گرج چمک کیساتھ بارش جبکہ جنوبی پنجاب (ملتان، ڈی جی خان،بہاولپور ڈویژن)، میرپور خاص اور حیدر آباد ڈویژن میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہا تاہم کشمیر میں ایک دو مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی۔ سب سے زیادہ بارش گڑھی دوپٹہ03، راولاکوٹ 01ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ روز روز ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت سبی، تربت، نورپورتھل 47، کوٹ ادو، جیکب آباد، بھکر ،بہاولنگر ، رحیم یار خان اور شہید بینظیر آباد میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈکیا گیا۔