میجر جنرل پر لوڈن کشمیر میں کنٹرول لائن کی نگرانی پر مامور اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کے نئے سربراہ مقرر

سویڈن سے تعلق رکھنے والے میجر جنرل پر لوڈن اگلے ماہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے

جمعہ 10 جون 2016 14:26

اقوام متحدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 جون ۔2016ء) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بانکی مون نے سویڈن کے ایک سینئر میجر جنرل پر لوڈن کو کشمیر میں کنٹرول لائن کی نگرانی پر مامور”عالمی ادارے کے فوجی مبصر گروپ برائے بھارت اور پاکستان “کانیا سربراہ مقرر کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اس بات کا باضابطہ اعلان اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن دیوجرک نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

سویڈن سے تعلق رکھنے والے میجر جنرل پر لوڈن اگلے ماہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ میجر جنرل پر لوڈن گھاناکے میجر جنرل دیلالی جانسن ساکئی کی جگہ لیں گے جن کی تعیناتی رواں سال جولائی میں ختم ہو رہی ہے۔انہیں جولائی2014میں کشمیر میں تعینات کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

میجر جنرل لوڈن فی الوقت سویڈن کی مسلح افواج کے خریداری اور دیگر طرح کی معاونت کے شعبے کے ڈائریکٹر ہیں۔

انہوں نے1978میں سویڈن کی فوج میں اپنے کیرئیر کا آغاز کیااور وہ سال2006-7کے دوران نیٹو کی سربراہی میں کثیر ملکی امن مشن کے تحت ٹاسک فورس سینٹرآف کوسوو فورس کے سربراہ بھی رہے۔انہوں نے کئی ممالک میں اقوام متحدہ امن مشن کے ساتھ اپنے فرائض انجام دئے ہیں۔ اس سلسلے میں اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل بانکی مون کی طرف سے جاری ایک بیان میجر جنرل دیلالی جانسن کی کشمیر میں فوجی مبصر کی حیثیت سے تعیناتی کے دوران ان کی کارکردگی کو سراہا گیاہے اور امید ظاہر کی ہے کہ ملٹری ابزرور گروپ کے نئے سربراہ اپنے تجربات کو بروئے کار لاتے ہوئے اقوام متحدہ کے امن مشن کو تقویت پہنچائیں گے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کا پہلا گروپ جنوری1949 میں کشمیر میں تعینات کیاگیا تھا اور اس گروپ کوکنٹرول لائن پر بھارت اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کی نگرانی پر مامور کیا گیا تھا۔ اقوام متحدہ کے فوجی مبصر کے دفاتر سرینگر اور اسلام آباد پاکستان میں قائم ہیں۔گروپ کے ساتھ 10ممالک سے وابستہ افراد تعینات رہتے ہیں جن میں44فوجی اور72سول اراکین شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :