تحریک آزادی کشمیرمیں خواتین کا کردار اہم ہے ‘دختران ملت

جمعہ 10 جون 2016 14:27

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 جون ۔2016ء) مقبوضہ کشمیرمیں دختران ملت جموں وکشمیر نے کہاہے کہ تحریک آزادی کشمیرمیں خواتین کو بھی اہم کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ بی جے پی اور پی ڈی پی کی مخلوط کٹھ پتلی انتظامیہ کی طرف سے ہندو انتہا پسند تنظیم آر ایس ایس کے ایجنڈے پر عمل درآمد کو ناکام بنایا جاسکے۔ کشمیرمیڈیاسرو س کے مطابق دختران ملت کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے پٹن میں خواتین کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کشمیر کی خواتین کیلئے لازمی ہوگیا ہے کہ وہ ہندتوا طاقتوں کے منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے سرگرم عمل ہوجائیں اور وقت کی حساسیت کا تقاضا ہے کہ ہم من حیث القوم بھارتی جارحیت کا مقابلہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں اور کشمیری پنڈتوں کیلئے علیحدہ کالونیاں، نئی صنعتی پالیسی اور نئی غار یاترائیں شروع کرنا دراصل آر ایس ایس کے منصوبے ھیں جن کو کشمیر میں حتمی شکل دی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ان مکروہ منصوبوں کا مقصد جموں وکشمیر کی متنازعہ حیثیت کو ختم کر کے اسے ہندوستان کا مستقل حصہ بنانا ہے۔ناہیدہ نسرین نے کہا کہ کشمیری لوگوں نے نہ تو کبھی بھارت کی حاکمیت کو تسلیم کیا ہے اور نہ مستقبل میں ایسا کریں گے۔

انہوں نے واضح کیاکہ بھارت نے فوجی طاقت کے بل پر جموں وکشمیر پر غیر قانونی طورپر قبضہ کر رکھا ہے ۔انہوں نے کہا کہ خواتین معاشرے کا نصف حصہ ہیں اور ان کو تحریک آزادی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ کشمیر ی متحد ہوکر بھارتی تسلط سے آزادی اوراسکی مسلم اور کشمیر دشمن پالیسیوں کے خلاف صف آرا ہوجائیں۔

متعلقہ عنوان :