مودی نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند نہ کیے ، خود ارادیت نہ دیا تو لاکھوں کشمیری سیز فائر لائن پاؤں تلے روند ڈالیں گے ،عبدالرشید ترابی

پیر 11 جولائی 2016 15:11

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جولائی ۔2016ء ) جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند نہ کیے اور کشمیریوں کو خود ارادیت نہ دیا تو آزاد کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد لاکھوں کشمیری سیز فائر لائن اپنے پاؤں تلے روندھ ڈالیں گے ، برہان مظفر وانی اور دیگر 24نہتے کشمیریوں کی شہادت سے تحریک آزادی کشمیر کو نئی جلا اور نیا رخ ملا ہے ، حکومت پاکستان فوری طور پر عالمی سطح پر سفارتی مہم منظم کرے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور او آئی سی ان مظالم کا نوٹس لیں ، اور کشمیریوں کو ان کا حق حق خودارادیت فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیرکے اندر مظالم کی انتہا کر دی ہے ، بچوں ، بوڑھوں اور خواتین کو نشانہ بنایا جارہا ہے ، عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی آزاد خطے کے لوگوں کو مجبور کر رہے ہیں کہ وہ بے قابو ہو کر سیز فائر لائن توڑ ڈالیں انہوں نے کہا کہ 13جولائی کو پورے آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان میں یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا جائے گا ، جماعت اسلامی کے کارکنان یکجہتی منانے کیلئے بھرپور تیاریاں کریں ۔