مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کیخلاف اب بھارت کے اندر بھی آواز اٹھ رہی ہے

عالمی برادری کشمیریوں کی نسل کشی رکوانے کیلئے کردار ادا کرے، حریت رہنماء

جمعرات 14 جولائی 2016 18:41

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 جولائی ۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں شبیر احمد ڈار، محمد اقبال میر، امتیاز احمد ریشی، غلام نبی وار اور انسانی حقوق کے کارکن محمد احسن اونتو نے مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کے مظالم کیخلاف نئی دلی کے جنتر منتر میں بھارتی طلباء سول سوسائٹی کے مظاہرے کوسراہا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت رہنماؤں نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ کچھ بھارتی دانشور بھی گاہے بہ گاہے کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھاتے ہیں جو اس بات کی دلیل ہے کہ بھارت میں بھی مثبت اور مبنی برحق سوچ رکھنے والے لوگ موجود ہیں جو کشمیریوں کے دکھ درد کو محسوس کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کیخلاف اب بھارت کے اندر بھی آواز اٹھ رہی ہے اور یہ بات بھارتی حکومت کے لیے چشم کشاہونی چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارتی فورسز نے اب تک چالیس کے لگ بھگ نہتے کشمیریوں کو شہید کیا جبکہ سترہ سو سے زائد زخمی ہیں ۔ حریت رہنماؤں نے کہا کہ پیلٹ لگنے سے سو کے لگ بھگ نوجوانوں کے بینائی سے محروم ہونے کا اندیشہ ہے جبکہ مقبوضہ علاقے کے ہسپتالوں میں ادویات کی کمی پیداہوچکی ہے لہذا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے کی ابتر صورت حال کا نوٹس لیتے ہوئے کشمیریوں کی نسل کشی رکوانے کے لیے موثر کردار ادا کرے۔

متعلقہ عنوان :