مقبوضہ کشمیر : تاجر تنظیموں کا بھارتی وزیر داخلہ کیساتھ ملاقات سے انکار

اتوار 24 جولائی 2016 16:18

سرینگر(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 جولائی- 2016ء) مقبوضہ کشمیر میں تاجر تنظیموں نے بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے ساتھ ملاقات سے انکار کرتے ہوئے بھارتی فورسز کے ہاتھوں بیگناہ کشمیریوں کے قتل کے خلاف سرینگر میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کشمیر اکنامک الائنس کے قائمقام چیئرمین فاروق احمد ڈار نے احتجاجی مظاہرے کے دوران میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ کشمیری اقتصادی یا معاشی مراعات کے لیے نہیں بلکہ اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کے لیے جد وجہد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ کشمیر امن و امان کا نہیں بلکہ ایک سیاسی مسئلہ ہے جسکے حل کے مطالبے کی پاداش میں بھارت نہتے کشمیریوں پر گولیوں کی بوچھاڑ کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ 2008اور2010کی احتجاجی تحریکوں کے دوران کشمیریوں کے قتل میں ملوث مجرم بھارتی فوجیوں کو نصاف کے کٹہرے میں لانے کے بجائے تمغوں اور ترقیوں سے نوازا گیا جواس بات کا ثبوت ہے کہ بیگناہ کشمیریوں کو مارنے والے بھارتی قیادت کے نزدیک ہیرو ہیں لہذا اس صورت میں راج ناتھ سنگھ یا کسی اور بھارتی عہدیدار سے ملاقات کا کیا فائدہ ہے ۔

(جاری ہے)

فاروق احمد ڈار نے کہا کہ اگر راج ناتھ سنگھ واقعی امن کا پیغام لائے ہیں تو پھر انہیں پہلے بھارتی فورسز کے ان تمام افسروں اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی کے احکامات دینے چاہئیں جو 1990 سے اب تک بیگناہ کشمیریوں کے قتل میں ملوث رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی فورسز نے گزشتہ پندرہ روز کے دوران پچاس سے زائد کشمیریوں کو خون میں نہلا دیااور جبر و استبداد کا یہ سلسلہ دن بہ دن بڑھتا جا رہا ہے جسکے خلاف کشمیر کی تاجر برادری اپنا پر امن احتجاج جاری رکھے گی۔

متعلقہ عنوان :