بھارتی سامراج کی مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی،عبدالرشید ترابی

جمعہ 19 اگست 2016 17:01

چکسواری( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 اگست ۔2016ء) جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ دنیا میں بہت سے سامراج گزرے ہیں ، لیکن بھارتی سامراج نے مقبوضہ کشمیر میں دہشت گردی کی مثال دنیا میں کہیں نہیں ملتی ۔ فوجی ایکشن کے ذریعے سول آبادی پر گزشتہ پچیس سال سے ایسے مظالم ڈھائے جا رہے ہیں جس کی داستان سن کر روح کانپ اٹھتی ہے ، لیکن حریت پسند کشمیری عوام نے بے انتہا مظالم کے باوجود آزادی کی جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے جو قابل تحسین ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی چکسواری کے زیر اہتمام کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر سابق وزیر برائے مذہبی امور پیر عتیق الرحمن فیض پوری ، امیر ضلع میر پور مولانا عتیق الرحمن ، یو کے اسلامک مشن کے سابق صدر مولانا سرفراز مدنی ، چوہدری سعود اقبال ، چوہدری خادم حسین ، احتشام ایڈووکیٹ ، کرنل معروف ، عارف چوہدری ، سلمان خواجہ سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہہ ہندوستانی سامراج مقبوضہ کشمیر میں بد ترین شکست سے دو چار ہوگا ، قائدین حریت سید علی گیلانی اس پیرانہ سالی میں بھی بات کرتے ہوئے دشمن کو للکارتے ہیں ، بائیس سالہ مظفر وانی کی آواز کی طرح میر واعظ ، شبیر شاہ ، یاسین ملک ، آسیہ اندرابی ، ظلم و جبر کے باوجود پرعزم ہیں مجاہدین اور شہداء کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔

1100شہداء کے قبرستان وجود میں آ گئے مائیں اپنے دوسرے اور تیسرے بیٹے کو میدان میں اتار رہی ہیں ، ایسی قوم کو کون شکست دے سکتا ہے ۔تحریک آزادی کو منزل تک پہنچانے کے لیے بیس کیمپ نے اپنا مطلوبہ کردار ادا نہیں کیا ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ آزاد کشمیر کو تحریک کا حقیقی بیس کیمپ بنایا جائے ، آزاد کشمیر میں ایسا معاشرہ قائم کیا جائے جہاں عدل و انصاف اور میرٹ کی بالا دستی ہو ، بد قسمتی یہ ہے کہ ہمارے نوجوان ڈگریاں نذر آتش کر رہے ہیں ، پی ایس سی جیسے ادارے آزاد ہوں ، نوکریوں کی بندر بانٹ کے بجائے میرٹ پر نوجوانوں کو حق ملے ، جماعت اسلامی نے مسلم لیگ ن کے ساتھ جو مفاہمت کی ہے وہ عدل و انصاف کے قیام ، تحریک آزادی کشمیر کی منزل کے حصول اور میرٹ کی بالا دستی کے لیے کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ راجہ فاروق حیدر اور ان کی قیادت میں سردار مسعود خان جیسے زیرک سفارت کار کو صدر نامزد کر نے پر ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور اسمبلی کو مبارک باد دیتے ہیں کہ ان کو منتخب کیا توقع ہے کہ وہ عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی تحریک آزادی کشمیر کے لیے بھرپور کمٹمنٹ ہے ، کارگل کی جنگ میں افواج پاکستان کی خدمات ، 65ء کی جنگ سے زیادہ ہیں ، ہماری یہ حکمت عملی ہے کہ پاکستانی قوم اور حکومت پاکستان کی کشمیریوں سے کمٹمنٹ میں مزید اضافہ کیا جائے مظفر وانی کی شہادت نے انقلاب برپا کر دیا ہے کشمیر کا نوجوان بزرگ اور خاتون پچیس سالوں سے جنگی ماحول میں پلنے والے جنگ سے مرعوب ہونے کے بجائے آزادی کے متوالے بن جائے گئے وہ ذہنی غلامی سے آزاد ہو چکے ہیں ، ان کی لازوال جدوجہد کے نتیجے میں ہندوستان کے دانش ور کشمیریوں کے ترجمان بن چکے ہیں ، سیاست دان ، بیوروکریٹ ، اساتذہ جو ہندو یونیورسٹیوں جوہر لال نہرو جیسی یونیورسٹیوں میں بھی ہندوستان کو خبر دار کر رہے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کیے جائیں ، ہندوستان کے اندر 17ریاستوں میں آزادی کی تحریکیں چل رہی ہیں ، ان سب تحریکوں کے پالیسی ساز مظفر وانی کی شہادت سے آزادی اور کامیابی کی کرن دیکھ رہے ہیں ، پاکستان مسلم دنیا کا واحد ایٹمی ملک ہے ، پاکستان تحریک آزادی کشمیر کی بدولت ایٹمی طاقت بنا۔

اس موقع پر پیر عتیق الرحمن فیض پوری نے کہا کہ کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کیمطابق اپنے حق کی بات کرتے ہیں ، اقوام متحدہ کشمیریوں کو ان کا حق دلائے ، عبدالرشید ترابی نے اندرون اور بیرون ملک کشمیریوں کی حقیقی ترجمانی کی ہے ، شاہ احمد نورانی ، قاضی حسین احمد جب میدان عمل میں تھے تو پوری دنیا میں کشمیر کی تحریک کو اجاگر کیاگیا، عبدالرشید ترابی اس تحریک کے حقیقی پشتی بان ہیں وہ پوری دنیا میں اس کو اجاگر کریں ۔