مقبوضہ کشمیر، خواتین رہنماؤں کی کریم آباد پلوامہ میں بھارتی مظالم کی شدید مذمت

پیر 12 ستمبر 2016 15:00

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 ستمبر۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماؤں آسیہ اندرابی، زمرودہ حبیب، یاسمین راجہ اور فریدہ بہن جی نے ضلع پلوامہ کے علاقے کریم آباد میں بھارتی فورسز کی طرف سے ڈھائے جانے والے مظالم کی شدید مذمت کی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق کشمیر ی خواتین رہنماؤں نے سرینگر میں اپنے اپنے بیانات میں کہا کہ بھارتی فورسز نے کریم آباد میں لوگوں کے گھروں میں گھس کر مکانوں اور گھریلو سامان کی توڑ پھوڑکی اور خواتین سے بد سلوکی کی جبکہ مکینوں کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

بھارتی فورسز نے کریم آباد میں احتجاجی مظاہرین پر پیلٹ اور گولیاں چلاکر 150سے زائد افراد کو زخمی بھی کردیا۔خواتین رہنماؤں نے کہا کہ لوگوں کو بھارت مخالف مظاہروں سے روکنے کے لیے کشمیر کے شمالی، جنوبی اور وسطی علاقوں میں بھارتی فورسز کی بھاری تعداد تعینات کردی گئی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پرزور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام پر بھارتی مظالم کا نوٹس لے۔