کشمیری وفد کی جانب سے بھارتی مظالم کی مذمت پر زید الحسین کیلئے اظہارِ تشکر

زید الحسین نے اہم انسانی مسئلے پر خطاب کر کے انسانی حقوق کی عظیم خدمت کی ہے ،الطاف حسین وانی

جمعہ 16 ستمبر 2016 16:47

جنیو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16 ستمبر۔2016ء) جنیوا میں موجود چار رکنی کشمیری وفد نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 33ویں اجلاس کے افتتاحی سیشن کے موقع پر عالمی ادارے کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق زید رعد الحسین کی طرف سے مقبوضہ کشمیرمیں بھارت کے کرداراورنہتے کشمیریوں کے حالیہ قتل عام کی تحقیقات کیلئے ایک خود مختار، غیر جانبدار اور بین الاقوامی کمیشن کی تشکیل کے مطالبے پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے ۔

کشمیری مندوبین الطاف حسین وانی اور سردار امجد یوسف خان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں بند کرانے کیلئے بھارت پر دباوٴ برقرار رکھنے کے لیے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کی حوصلہ افزائی کی۔الطاف حسین وانی نے اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر کے بیان کو سراہتے ہوئے کہا کہ زید رعد الحسین کو نہ صرف انسانی حقوق کیلئے اقوامِ متحدہ کی دوسری دہائی کے پہلے اجلاس سے خطاب کا اعزاز حاصل ہے بلکہ انہیں یہ بھی اعزاز حاصل ہے کہ انہوں نے ایک اہم انسانی مسئلے پر خطاب کر کے انسانی حقوق کی عظیم خدمت کی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ زید رعد نے اپنے خطا ب میں وضاحت کی ہے کہ کیسے طاقتور ملک بڑھتی ہوئی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پرعالمی ادارے اور دیگر انسانی حقوق کے اداروں کو مظالم کا شکار افراد تک رسائی دینے سے انکار کرتے ہیں۔الطاف حسین وانی نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے انسانی حقوق کے عالمی اداروں اور ان کے نمائندوں اور انسانی حقوق کونسل کے کشمیر میں خصوصی نمائندے کے ساتھ تعاون کرے۔

سردار امجد یوسف نے کہا کہ انسانی حقوق کونسل پر یہ ایک اخلاقی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حقوق کیلئے آواز بلند کرے۔انہوں نے کہاکہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ایک تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے۔ انہوں نے کونسل کے صدر کو بتایا کہ کشمیر کی صورتحال سے نمٹنے میں کسی تاخیر سے خطے میں تناوٴ بڑھ سکتا ہے اور حالات قابو سے باہر ہو سکتے ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء سید فیض نقشبندی اور حسن البنا نے اقوامِ متحدہ کی ڈپٹی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کیٹ گلمور سے بھی ملاقات کی اور مقبوضہ کشمیر میں ہلاکتوں کی آزادانہ بین الاقوامی تحقیقات کے مطالبے کاخیرمقدم کیا۔انہوں نے کہا کہ کشمیری انسانی حقوق کے کارکن مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کیلئے اقوام متحدہ کے نمائندوں کی ہر ممکن مدد کیلئے تیار ہیں۔

اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 33ویں اجلاس میںآ ٹھ رکنی کشمیری وفد کی قیادت ممتاز کشمیری حریت رہنما الطاف حسین وانی کررہے ہیں جبکہ وفد میں کشمیری رہنماء سید فیض نقشبندی اورحسن البنا،مسز شمیم شال،،کشمیر انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹرسردار امجد یوسف خان، انٹرنیشنل لابنگ گروپ یوتھ فورم فار کشمیر کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر احمد قریشی، حقوق نسواں و اطفال کی سرگرام کارکن پروفیسر شگفتہ اشرف اور انسانی حقوق کی کارکن عطیہ انور شامل ہیں۔یوتھ فورم فار کشمیر، نوجوان کشمیریوں اور پاکستانیوں پر مشتمل ایک رجسٹرڈ اورغیر جانبداربین الاقوامی لابنگ گروپ ہے جو بھارتی فوجی قبضے میں کشمیریوں کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے۔