مقبوضہ کشمیر، مظاہرین پر بھارتی فوجیوں کی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال سے سینکڑوں افراد زخمی

پی ڈی پی اور بی جے پی کی انتظامیہ کشمیرمیں آباد ی کا تناسب بگاڑنے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے ،شبیر احمد شاہ

جمعہ 23 ستمبر 2016 18:38

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23ستمبر ۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز نے آج لوگوں کو وادی کشمیر میں شہریوں کے قتل عام کیخلاف مظاہروں اورآزادی مارچ کرنے سے روکنے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس سے سینکڑوں افراد زخمی ہوگئے۔اطلاعات کے مطابق مظاہروں اور مارچ کرنے کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل متحدہ حریت قیادت نے دی تھی۔

قابض انتظامیہ نے آج مسلسل 77ویں دن بھی پوری وادی کشمیرمیں سخت کرفیو اور پابندیاں جاری رکھیں۔، لوگ سرینگر کی تاریخی جامع مسجد اور مقبوضہ علاقے کی دیگر بڑی مساجد میں پابندیوں کی وجہ سے نماز جمعہ ادا نہیں کرسکے۔ ہزاروں لوگوں نے سرینگر ، بڈگام، گاندربل، بانڈی پورہ، کپواڑہ، اسلام آباد، کوکرناگ، بارہمولہ ، پامپور، پلوامہ، شوپیاں،کولگام اور دیگر علاقوں میں کرفیو اور پابندیوں کو توڑتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اور ’’پاکستان زندہ باد، ہم کیا چاہتے آزادی اور گو انڈیا گو بیک‘‘ کے فلک شگاف نعرے بلند کئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستانی جھنڈے بھی لہرائے۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے متعدد مقامات مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے فائرنگ، پیلٹ گن اور آنسو گیس کا بے دریغ استعمال کیا جس سے سینکڑوں افراد زخمی ہوگئے۔ادھر حریت رہنماؤں نعیم احمدخان، آسیہ اندرابی، بلال صدیقی ، میر شاہد سلیم، سید بشیر اندرابی، یاسمین راجہ، مختار احمد وازہ، ظفر اکبر بٹ، فردوس احمد شاہ ، جموں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن اور جموں وکشمیر ایمپلائز موومنٹ نے اپنے بیانات میں نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کے کشمیر پرجراتمندانہ موقف کی تعریف کی ۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خطاب سے کشمیری عوام کی خواہشات کی ترجمانی ہوئی ہے۔ آزادی پسند رہنماء آسیہ اندرابی، زمرودہ حبیب ، یاسمین راجہ، فریدہ بہن جی ، ایڈووکیٹ دیوندرسنگھ اور تحریک حریت جموں و کشمیر اور جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے وفود سرینگر کے مختلف ہسپتالوں میں گئے اور جاری انتفادہ کے دوران مختلف علاقوں میں پرامن مظاہرین پر بھارتی فوروسزکی طرف سے طاقت کے وحشیانہ استعمال سے زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند جنرل سیکرٹری شبیر احمد شاہ نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا ہے کہ پی ڈی پی اور بی جے پی کی کٹھ پتلی انتظامیہ جموں کے علاقوں بانہال ، ڈوڈہ، ھدواہ، کشتواڑہ، بری برہما ، سامبا اور راجوری میں تجاویزات ہٹانے کی آڑ میں مسلمان خاندانوں کو بے گھر کررہی ہے ۔ انہوں نے انتظامیہ کو خبردار کیا کہ وہ اس کارروائی سے باز رہے جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر کی آباد ی کے تناسب کو بگاڑنا ہے ۔

متعلقہ عنوان :