مقبوضہ کشمیر : بھارتی فوجیوں کی کسانوں پر اندھادھند فائرنگ ، ایک نوجوان شہید

لوگوں کا سڑکوں پر نکل کر شدید احتجاج ، بھارتی فورسز کے خلاف نعرے بازی نوجوان کی شہادت ثبوت ہے کہ بھارتی فورسز کی خون کی پیاس بجھی نہیں ، سید علی گیلانی

ہفتہ 24 ستمبر 2016 17:35

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 ستمبر - 2016ء) مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی بھارتی فورسز نے ایک اور بیگناہ نوجوان کو شہید کر ڈالا ۔ حریت رہنما سید علی گیلانی نے نوجوان کی ہلاکت کی شدید مذمت کی ہے عینی شاہدین نے بتایا کہ بھارتی فوجیوں نے ضلع بارہمولہ میں کھیتوں میں کام میں مصروف کسان خواتین اور بچوں پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان شہید ہو گیا مقامی طبی حکام کا کہنا ہے کہ وسیم کی پشت میں گولی لگی جو کہ اس کی ہلاکت کی وجہ بنی مذکورہ نوجوان کی شہادت انتقادہ کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 106 ہو گئی ہے ۔

نوجوان کی ہلاکت پورے علاقے میں جنگل آگ کی طرح پھیلی اور بڑی تعداد میں لوگ بطور احتجاج سڑکوں پر نکل آئے ۔

(جاری ہے)

مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی فورسز کے خلاف نعرے درج تھے دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے رضیہ آباد میں بھارتی فوج کے ہاتھوں نوجوان کی ہلاکت پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے قابض انتظامیہ کے اس تشدد کی شدید مذمت کی ہے ۔ سرینگر سے جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ قابض فورسز کے بیگناہ شہریوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے کے کھوکھلے اور بڑے بڑے دعوے عام آدمی کو بیوقوف بنانے کی کوشش ہے جبکہ حالیہ کارروائی سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ ان کی خون کی پیاس ابھی بجھی نہیں ہے ۔