مقبوضہ کشمیر : 78ویں روز بھی کرفیو اور دیگر پابندیاں جاری

جاری انتفادہ کے دوران شہید ہونے والوں کی تعداد 106ہو گئی

ہفتہ 24 ستمبر 2016 17:43

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 ستمبر - 2016ء) مقبوضہ کشمیر میں قابض انتظامیہ نے لوگوں کو بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں ریلیاں اور جلوس نکالنے سے روکنے کے لیے آج مسلسل78 ویں روز بھی کرفیو اور دیگر پابندیاں جاری رکھیں جس سے وادی کشمیر میں معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ہڑتال اور کرفیو کی وجہ سے تمام دکانیں، کاروباری اور تعلیمی ادارے اور بنک مکمل طور پر بند رہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل ہے۔

بھارتی فوجیوں نے ضلع بارہمولہ کے علاقے نادی ہل میں جمعہ کی شام ایک 22سالہ نوجوان وسیم احمد لون کو اس وقت اندھا دھند فائرنگ کر کے شہید کر دیا جب وہ د ھہاں کے کھیت میں کام کاج میں مصروف تھا۔ اس تازہ شہادت سے جاری انتفادہ کے دوران شہید ہونے والوں کی تعداد 106ہو گئی۔

(جاری ہے)

وسیم کی شہادت کی خبر علاقے میں پھیلتے ہی ، ہزاروں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور بھارت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرے کیے ۔

انہوں نے اس موقع پر بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔شہید نوجوان کی نماز جنازہ میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔ یاد رہے کہ مقبوضہ علاقے میں موجودہ انتفادہ رواں برس آٹھ جولائی کو بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ممتاز مجاہد کمانڈر برہان مظفر وانی کے ماورائے عدالت قتل کے بعد شروع ہو ا تھا۔۔

متعلقہ عنوان :