مودی کے توسیع پسندانہ عزائم اور بھارت کا اصل مکروہ چہرہ دنیا دیکھ چکی ہے ،بیرسٹر سلطان چوہدری

ہفتہ 24 ستمبر 2016 19:55

لانگ آئی لینڈ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 ستمبر - 2016ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ 26ستمبر کو بھارتی وزیر اعظم جب اقوام متحدہ سے خطاب کرنے آئے گی تو اس دن اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر کشمیری و پاکستانی جمع ہو کر نہ صرف امریکہ ، انٹرنیشنل کمیونٹی سے کہیں گے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم بند کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے اور بھارت کو بھی یہ پیغام دیں گے کہ اگر پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو یہ اسکے لئے اچھا نہیں ہو گا۔

مودی کے توسیع پسندانہ عزائم اب دنیا کے سامنے آچکے ہیں اور بھارت کا اصل اور مکروہ چہرہ دنیا دیکھ چکی ہے۔ان خیالات کا اظہارانھوں نے آج یہاں لانگ آئی لینڈمیں پی ٹی آئی کشمیر کے رہنماء چوہدری مصطفی گجر کی طرف سے اپنے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر استقبالیہ سے پی ٹی آئی کی مرکزی رہنماء ناز بلوچ، سردار سوار خان، چوہدری پرویز، شبیر گل، چوہدری مدثر، چوہدری گلبہاراور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

اس موقع پر تمام مقررین نے اپنے خطاب میں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یقین دلایا کہ جسطرح پچھلے سال ہم نے ملین مارچ میں آپکا ساتھ دیا تھا اس مرتبہ 26 ستمبر کو بھارتی وزیر خارجہ کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے تقریر کے موقع پر بھی ہم سب ملکر نیویارک میں اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر بھرپور احتجاج کریں گے۔جس طرح پچھلے برس نیویارک کی تاریخ کا سب سے بڑا ملین مارچ منعقد ہواتھااور ایک نئی تاریخ رقم ہوئی تھی اس مرتبہ بھی احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کی جائے گی اور ایک نئی تاریخ رقم کی جائے گی۔

کیونکہ جب جنرل اسمبلی سے بھارتی وزیر خارجہ تقریر کرے گی تو اب جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی ہے اور اس موقع پر ہمیں انٹرنیشنل کمیونٹی کو یہ باور کرانا پڑے گا کہ بھارت ایک جارح ہے اور مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر مظالم ڈھا رہا ہے۔اگر بھارت نے آزادکشمیر پر جارحیت کی تو آزاد کشمیر کے عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام کی طرح اس کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔اسی طرح آزاد کشمیر کے عوام پاک فوج کے شانہ بہ شانہ لڑیں گے۔اس موقع پر مقررین نے مسئلہ کشمیر کے لئے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی خدمات پر انہیں سراہا اور یقین دلایا کہ 26 ستمبر کے مظاہرے میں بھرپور شرکت کی جائے گی۔۔

متعلقہ عنوان :