مقبوضہ کشمیر میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے بینر تلے چلنے والی کشمیریوں کی تحریک دراصل تحریک تکمیل پاکستان ہے،راجہ فاروق حیدر

بدھ 5 اکتوبر 2016 17:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔۔05 اکتوبر۔2016ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے بینر تلے چلنے والی کشمیریوں کی تحریک دراصل تحریک تکمیل پاکستان ہے ۔ کشمیر ایشو تقسیم ہند فارمولے کا نامکمل ایجنڈاہے کشمیر ی عوام اس ایجنڈے کی تکمیل کررہے ہیں ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق سے ملاقات میں کیا ۔آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنماء غلام حمد صفی اور جماعت اسلامی آزاد کشمیر کے امیر عبدالرشید ترابی بھی اس موقع پرموجودتھے۔ سینیٹر سراج الحق سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی اور مذہبی جماعتوں نے کشمیر ایشو کے حوالے یکساں موقف اختیار کیا اور مقبوضہ کشمیر کے عوام سے جس یکجہتی کا اظہار کیا اس سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی تحریک کو نیا جوش و جذبہ ملا ہے ۔

(جاری ہے)

میں حکومت آزاد کشمیر اور کشمیری عوام کی طرف سے حکومت پاکستان اور پاکستان کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کا شکرگزا ر ہوں ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے ہم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور انہیں بھرپور سیاسی ، اخلاقی اور سفارتی سپورٹ مہیا کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کشمیری عوام اپنی منزل حاصل نہیں لیتے ہم چٹان کی طرح ان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔