آزادی پسند رہنماؤں ، تنظیموں کا کم عمر شہید جنید احمد کو شاندار خراج عقیدت

بھارت جموں وکشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو برقرار رکھنے کیلئے کشمیری نوجوانوں کی نسل کشی کر رہا ہے ٗانسانی حقوق کی تنظیمیں نوٹس لیں ٗسید علی گیلانی شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی ٗ بھارت کو ایک روز مقبوضہ علاقے سے نکلنا پڑے گا ٗیاسین ملک و دیگر کا بیان

اتوار 9 اکتوبر 2016 13:47

سرینگر (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9 اکتوبر- 2016ء) مقبوضہ کشمیر میں آزادی پسند تنظیموں اور رہنماؤں نے بھارتی فورسز کی پیلٹ فائرنگ سے شہید ہونے والے سرینگر کے کم عمر لڑکے جنید احمد کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ 12سالہ جنید احمد جمعہ کے روز سرینگر کے علاقے سعدہ پورہ میں پرامن مظاہرین پر بھارتی فورسز کی پیلٹ فائرنگ کے نتیجے میں شدید زخمی ہو ا تھا۔

جنید کے سر میں پیلٹ لگے تھے اور وہ ہفتے کی صبح ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں شہید کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت جموں وکشمیر پر اپنے غیر قانونی قبضے کو برقرار رکھنے کیلئے کشمیری نوجوانوں کی نسل کشی کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ نہتے کشمیریوں کے قتل عام کا سنجیدہ نوٹس لیں اور بھارت پر دباؤ ڈالیں کہ وہ کشمیریوں کو انکا پیدائشی حق ،حق خود ارادیت دے۔ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے سربراہ شبیر احمد شاہ نے شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فورسز کے اہلکار اس قدر بے لگام ہوچکے ہیں کہ اپنے گھروں کے دروازوں پر کھڑے کم عمر لڑکوں کے بدن چھلتی کریتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی اور بھارت کو ایک روز مقبوضہ علاقے سے نکلنا پڑے گاجموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین محمد یاسین ملک نے ایک بیان میں شہید جنید کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر علاقے میں بے گناہ نوجوانوں کے قتل عام نے بھارتی جمہوریت کے بدترین چہرے کو بے نقاب کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے نہتے کشمیریوں پر مظالم کے تمام ریکارڑ توڑ دیے . میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے جنید کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قابض فورسز نے شہید کے جنازے میں شامل لوگوں پر بھی وحشیانہ طاقت کا استعمال کیا جو انتہائی قابل مذمت ہے ۔ فورم کے ترجمان نے ایک بیان میں میر واعظ عمر فاروق اور دیگر رہنماؤں کی طرف بھی شہید کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے لواحقین کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیا ۔

انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے ہزاروں کشمیریوں کو گرفتار کر کے جیلوں میں پہنچا دیا ہے مگر اس کی یہ غلط فہمی ہے کہ وہ اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبا سکتی ہے۔ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قابض فورسز کے اہلکاروں نے جنید کو اسکے گھر کے دروانے پر پیلٹ بندوق سے نشانہ بنایا جو سفاکیت کی انتہا ہے ۔

ایسو سی ایشن نے شہید کے جنازے کے شرکا پر طاقت کے وحشیانہ کی شدید مذمت کی۔جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نے ایک بیان میں شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کو ایک منصوبہ بند سازش کے تحت قتل کیا جا رہا ہے۔جمعیت اہلحد یث نے ایک بیان میں کہا ہے کی کٹھ پتلی انتظا میہ نے کشمیر یوں کی نئی نسل کے خلا ف کھلی جارحیت کا شرمنا ک سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔

حریت رہنماؤں شبیر احمدڈار، محمد اقبال میر، محمداحسن اونتو،امتیاز احمد ریشی اور غلام نبی وار نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں شہید کو شاندار خراج عقیدت پیش کی ہے۔ امتیاز احمد ریشی نے شہید کی نماز جنازہ میں بھی شرکت کی۔ اسلامک پولیٹکل پارٹی کے سربراہ محمد یوسف نقاش نے بھی ایک بیان میں شہید کو شاندرار خراج عقیدت پیش کیا۔ تحریک مزاحمت کے غیر قانونی طور پر نظر بند چیئرمین بلال صدیقی نے کہا کہ کٹھ پتلی انتظامیہ بے گناہ کشمیری نوجوان کا خون بہا کر ایک سیاہ تاریخ رقم کررہی ہے۔

ڈیمو کریٹک پولیٹیکل موومنٹ کے ترجمان نے شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قابض فورسز کو نہتے کشمیریوں کے قتل کی کھلی چھٹی دی گئی ہے۔ جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ آر کے جنرل سیکریٹری وجاہت قریشی ، سالویشن مومنٹ کے وائس چیئرمین الطاف احمد بٹ اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین سید سلیم گیلانی نے بھی سرینگر میں جاری بیانات میں شہید جنید کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام اپنے عظیم شہداء کی قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔