کشمیرآرفن ریلیف ٹرسٹ نے زلزلہ متاثرہ بچوں کی کفالت کا جوعظیم بیڑااٹھایاہوا ہے وہ دنیااور آخرت میں نجات کاذریعہ ہے‘سینئر وزیرآزاد کشمیر

حکومت آزادکشمیر KORT کی آنرشپ سمیت جملہ مسائل حل کرے گی‘ ایشیاء کی اس خوبصورت عمارت کاافتتاح وزیراعظم پاکستان سے کروانے کی درخواست کی جائے گی‘چوہدری طارق فاروق

اتوار 9 اکتوبر 2016 15:09

میرپور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 9 اکتوبر- 2016ء) آزادکشمیرکے سینئروزیر و وزیرہاؤسنگ ، فزیکل پلاننگ ،زراعت ولائیوسٹاک چوہدری طارق فاروق نے کہاہے کہ کشمیرآرفن ریلیف ٹرسٹ نے زلزلہ متاثرہ بچوں کی کفالت کا جوعظیم بیڑااٹھایاہوا ہے وہ دنیااور آخرت میں نجات کاذریعہ ہے۔ KORT میں جس طرح یتیم بچوں کی پرورش و کفالت کے ساتھ جدید تعلیم وتربیت اورکردارسازی ہورہی ہے وہ عبادت کے عین برابرہے۔

انسانیت کی فلاح وبہبود اورخدمت کا جوفریضہ سماجی شخصیت چوہدری اخترحسین نے اٹھایاہے اس سے انھیں آزادکشمیرکاایدھی ہوناچاہیے۔ KORTکی بلڈنگ اسٹیٹ آف آرٹ ہے جو کام بڑے بڑے شہنشاہ اور حکمران نہیں کرسکے وہ چوہدری اخترحسین نے کردکھایاہے۔ انھوں نے لوگوں کی امانتوں میں خیانت نہیں کی جس کے باعث آج اس جنگل میں علیشان بلڈنگ اور ایجوکیشن کمپلیکس کی تعمیرسے ہرطرف روشنی ہی روشنی پھیل رہی ہے۔

(جاری ہے)

اگرجذبے سچے اور پراعتماد ہوں تو مشکل سے مشکل مراحل کے حل میں اﷲ تعالیٰ آسانیاں پیداکرتے ہیں۔ حکومت آزادکشمیر KORT کی آنرشپ سمیت جملہ مسائل حل کرے گی۔ ایشیاء کی اس خوبصورت عمارت کاافتتاح وزیراعظم پاکستان سے کروانے کی درخواست کی جائے گی۔ 08 اکتوبر2005 کے تباہ کن زلزلہ کی دلخراش یادیں آج بھی تازہ ہیں جس نے پوری قوم کومتحد ومنظم کیااور زلزلہ متاثرہ علاقوں میں بحالی وآبادکاری کے حوالے سے افواج پاکستان ، پاکستان کے 18 کروڑ عوام اور دنیابھرسے آنے والے لوگوں کے شکرگزار ہیں جنھوں نے مشکل کے وقت ہماراساتھ دیا۔

شہداء زلزلہ کو جتنابھی خراج عقیدت پیش کیاجائے وہ کم ہے۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے کشمیرآرفن ریلیف ٹرسٹ کے زیراہتمام ایجوکیشنل کمپلیکس جڑی کس میں شہداء زلزلہ کی یاد میں منعقدہ دعائیہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے چیئرمین کشمیرآرفن ریلیف ٹرسٹ چوہدری اخترحسین، ممبراسمبلی چوہدری محمدسعید، ممبراسمبلی چوہدری رخسار احمد ، ریڈیومیرپورکے اسٹیشن ڈائریکٹر محمدشکیل نے بھی خطاب کیاجبکہ اس موقع پرکورٹ کے بچوں نے زلزلہ کے حوالے سے مختلف پروگرامز اورٹیبلوپیش کیے جس پرسامعین آبدیدہ ہوتے رہے۔

دعائیہ تقریب میں ممبرپنجاب اسمبلی مہرفیاض، سابق امیدواراسمبلی کرنل (ر)معروف خان، ڈپٹی کمشنرانصریعقوب، وائس چانسلرمسٹ پروفیسر ڈاکٹر راجہ حبیب الرحمن، پرنسپل محترمہ بے نظیربھٹوشہید میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹرمیاں عبدالرشید، ڈائریکٹرکالجز انجم افشاں نقوی، سابق چیئرمین ایم ڈی اے چوہدری محمد حنیف، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل راجہ فاروق اکرم خان، انفارمیشن آفیسر محمدجاوید ملک، ممتاز بنکار راجہ محمدنسیم خان، سابق سیکرٹری حکومت محمود خان، چوہدری محمدایوب، تحصیلدار راجہ آصف منیر، مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی راہنماانجینئررضوان انور، ڈی ای او راجہ راشد تراب، سابق چیئرمین زکواۃ راجہ محمدریاض، سابق ایڈمنسٹریٹر لالہ تصدق رفیقی، کورٹ کے ایمبیسٹر حبیب ملک، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کالجز فاروق طاہر، ممتاز دانشور راجہ اعجاز سلیم، سیاسی وسماجی ، کاروباری، چیمبرآف کامرس، وکلاء، صحافیوں، طلباء سمیت زندگی کے ہرمکتبہ فکرسے تعلق رکھنے والوں نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئروزیر و وزیرہاؤسنگ ، فزیکل پلاننگ ،زراعت ولائیوسٹاک چوہدری طارق فاروق نے کہاکہ 2005 کے ہولناک زلزلہ کی تباہ کاریوں کے اثرات ابھی ختم نہیں ہوئے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں دیگرسہولیات کے ساتھ ساتھ بیشتر علاقوں میں سکول قائم نہیں ہوسکے۔ انھوں نے کہاکہ ایسے علاقوں میں ابھی بھی متاثرین کسی انکل اختر کے انتظارمیں ہیں۔

انھوں نے کہاکہ جو کام KORT کی انتظامیہ نے کیے ہیں ان کی مثال نہیں دی جاسکتی۔ زلزلہ متاثرہ بچوں کی رہائش، طعام، تعلیم وتربیت کے لیے جو شاندار بلڈنگ تعمیرکرکے انھیں اپنے گھرکی ہرقسم کی سہولت فراہم کی ہے وہ قابل ستائش ہے اس سے ان بچوں میں احساس محرومی ختم ہوگیاہے ۔ انھوں نے کہاکہ اہلیان میرپور نے ہمیشہ عظیم قربانیاں دی ہیں ان قربانیوں کے نتیجے میں انھیں سونے کے تاج پہنائے جائیں تو وہ بھی کم ہیں۔

انسانیت کی خدمت کے لیے وقف کردینا بھی بڑی عبادت ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبراسمبلی چوہدری محمدسعید نے کہاکہ KORT کی شاندار اورمثالی بلڈنگ کے قیام کے لیے کسی بھی ادارے نے کوئی مشکل پیدانہیں کی چونکہ اس ادارے کے قیام میں کسی کاکوئی ذاتی مفاد نہیں تھااس لیے اس نیک کام میں آسانیاں ہی پیداہوتی رہیں۔ انھوں نے کہاکہ یہ یتیم بچوں کاادارہ نہیں بلکہ امیربچوں کاادارہ بن گیاہے۔

جس میں آرفن بچوں کوہرقسم کی سہولت اور مراعات دستیاب ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر حکومت و ممبرقانون ساز اسمبلی چوہدری رخسار احمد نے کہاکہ چوہدری اخترحسین نے یتیم اور بے سہارابچوں کے لیے مثالی ادارہ قائم کرکے جس نیک کام کاآغاز کیاہے وہ پایاتکمیل تک پہنچ رہاہے۔ انھوں نے کہاکہ اس ادارے کی تعمیرکے لیے برطانیہ اور اہلیان میرپور کا بھرپورتعاون چوہدری اخترحسین کورہاہے اور انھوں نے بھی لوگوں کے اعتماد کوٹھیس نہیں پہنچائی جس کے باعث یہ ادارہ ایک مثال بن گیاہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین کشمیرآرفن ریلیف ٹرسٹ چوہدری اخترحسین نے کہاکہ KORT کی تعمیر کے لیے اہلیان میرپور، برطانیہ سمیت دنیاکے مختلف ممالک میں بسنے والے کشمیریوں نے بھرپورساتھ دیا۔ لوگوں نے مجھ پرجس اعتماد کااظہار کیا میں نے اس بھروسے کوپایاتکمیل تک پہنچایااورلوگوں کی امانتوں کے صلے میں یتیم اوربے سہارابچوں کے لیے شاندار بلڈنگ تعمیرکردی۔

انھوں نے کہاکہ KORT کے زیرتربیت طلباء وطالبات کے مستقبل روشن کے لیے اعلیٰ تعلیم دلوانے کے لیے مواقع فراہم کررہے ہیں۔ KORT کے سکول کاالحاق فیڈرل بورڈاسلام آباد سے ہے۔ انھوں نے KORT کے لیے مالی امداد کرنے والوں کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ ان کے تعاون کے بغیرمیں اکیلاکچھ نہیں کرسکتاتھا اس شاندارپراجیکٹ کے پیچھے لوگوں کی دعاؤں اور ان کی مالی مدد شامل ہے جس کاصلہ انھیں دونوں جہانوں میں ملتارہے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریڈیومیرپورکے اسٹیشن ڈائریکٹرمحمدشکیل نے کہاکہ KORT کے جملہ ڈونرز، برطانیہ سے آنے والے ڈاکٹروں اور شرکاء تقریب کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ انھوں نے ان بچوں کو وقت دے کران کی جوحوصلہ افزائی کی ہے وہ قابل ستائش ہے ۔ تقریب کے آخرمیں شہداء زلزلہ کے ایصال ثواب کے لیے مولانامحمداحمدرضا نے دعاکروائی ۔

متعلقہ عنوان :