ماضی میں میرپور کے شہریوں کے حقوق برُی طرح غصب کیے گئے٬محمد فاروق حیدر

شہر کے عوام نے دو مرتبہ اپنے آبائو اجداد کی قبروں کی قربانی دی٬میرپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں ہونے والی کرپشن کو بے نقاب کر کے ذمہ داران کیخلا ف بھرپور کارروائی کی جائیگی٬ وزیراعظم آزاد کشمیر

بدھ 26 اکتوبر 2016 19:59

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2016ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرراجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ ماضی میں میرپور کے شہریوں کی حقوق برُی طرح غصب کیے گئے۔میرپور کے عوام نے دو مرتبہ اپنے آبائو اجداد کی قبروں کی قربانی دی ۔آزادکشمیر کے ہر ضلع کا دوسرے ضلع پر حق ہے ۔ ہرضلع اور مہاجرین جموں وکشمیر ایک اکائی ہیں ۔

میرپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں ہونے والی کرپشن کو بے نقاب کریں گے اور ذمہ داران کے خلا ف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔میرپور کے عوام کے ساتھ جو ظلم وناانصافی کی گئی اسکا حساب لیں گے۔تمام ترقیاتی منصوبہ جات کا فزیکل آڈٹ کیا جائیگا۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے بدھ کے روز آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں ممبر اسمبلی سید شوکت علی شاہ کے توجہ طلب نوٹس پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہا کہ میرپور کے عوام کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔منگلا ڈیم کے لیے میرپور کے باسیوں نے اپنے بزرگوںکی قبروں اور آبائی گھروں کی قربانی دی۔ انکی قربانیوں کی قدر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں میرپور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ذریعے شہریوں کے ساتھ بدترین ناانصافیاں کیں۔ پلاٹوں کی تقسیم میں بدترین کرپشن کی گئی ۔

خالصہ سرکار اور شاملات کو بے دریغ تقسیم کیا گیا۔کرپشن کی مکمل تحقیقات کروائیں گے اور میرپور کے شہریوں کے ساتھ زیادتی کرنے والوں کا کڑا احتساب ہوگا۔انہوںنے کہا کہ پورا آزادکشمیر ایک ہے اضلاع کے نام پر کسی کو سیاست نہیں کرنے دیں گے۔پورے آزادکشمیر کے مسائل بلاتخصیص حل کریں گے اور کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے۔انہوںنے کہا کہ میڈیا میں شائع ہونیو الی خبروں کا روزانہ مطالعہ کرتا ہوں اور انکی تصدیق کے بعد متعلقہ محکمہ جات کو ہدایات جاری کرتا ہوں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ آزادکشمیر میں محکمہ لوکل گورنمنٹ اور کشمیر کونسل کی تمام سکیموں کا فزیکل آڈٹ کیا جائیگا۔ترقیاتی منصوبہ جات میں کسی قسم کی کرپشن برداشت نہیںکریں گے۔ا نہوںنے کہا کہ ہر منصوبہ کی ویرفیکیشن کی جائے گی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ جس منصوبہ کے لیے فنڈز مہیا کیے گئے ہیں انکا درست استعمال عمل میں لایاگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی عمل میں شفافیت یقینی بنائی جائے گی اور کسی بھی منصوبہ میں کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :