مقبوضہ کشمیر،بھارتی فورسز کے طاقت کے وحشیانہ استعمال سے متعدد افرادزخمی،برسلز میں کشمیرای یو ویک جاری

حریت قیادت نے جاری جدوجہد آزادی کوہر صورت منطقی انجام تک جاری رکھنے کا عزم کررکھا ہے، علی گیلانی، میر واعظ، محمد یاسین ملک عوام اپنی صفوں میں اختلاف پیدا کرنے کے مذموم بھارتی عزائم کو ناکام بنادیں،صحافیوں سے گفتگو

بدھ 9 نومبر 2016 19:09

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 نومبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق او رمحمد یاسین ملک نے کہاہے کہ حریت قیادت نے جاری جدوجہد آزادی کوہر صورت میں اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کا عزم کررکھا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت قائدین نے حیدرپورہ سرینگر میں سید علی گیلانی کی رہائش گاہ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ معاشرے کے مختلف طبقوں کے نمائندوں کی طرف سے پیش کی جانیوالی تجاویزاور سفارشات کی روشنی میں تحریک آزادی کو آگے بڑھایاجائیگا۔

انہوںنے لوگوں سے اپیل کی وہ اپنی صفوں میں اختلاف پیدا کرنے کے مذموم بھارتی عزائم کو ناکام بنادیں۔آج بانڈی پورہ، پلوامہ اور شوپیاں کے اضلاع میں بھارتی فورسز کی طرف سے مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال سے خواتین سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

بھارتی فورسز کی طرف سے پلوامہ کے علاقے لتر کی طرف مارچ کو روکنے کے بعد زبردست جھڑپیں شروع ہو گئیں۔

تاہم لوگوں نے فورسز اہلکاروں کو گائوں سے چلے جانے پر مجبور کردیا اور اسکے بعد مارچ کیا۔ بھارتی فورسز کی طرف سے بانڈی پورہ کے علاقے کلوسہ میں رات کے وقت چھاپوں کے خلاف زبردست مظاہرے ہوئے اورفورسزاورمظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ادھرجاری انتفادہ کو چار ماہ مکمل ہونے کے موقع پر آج مسلسل 124ویں روز بھی ہڑتال کی گئی ۔کشمیرمیںگزشتہ چار ماہ کے دوران بھارتی فورسز نے 1178کشمیریوں کی آنکھوں کو پیلٹ گن سے نشانہ بنایا ہے۔

8جولائی کو ضلع اسلام آباد کے علاقے کوکرناگ میں ایک جعلی مقابلے میں حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان مظفر وانی کے قتل کے بعد ہڑتال کا آغاز ہوا تھا ۔ترال کے لوگوں نے اونتی پورہ کی طرف جانے والی ایک سڑک کو حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان مظفر وانی کے نام پر رکھنے کامتفقہ فیصلہ کیا ہے۔ ضلع بارہمولہ کے علاقے پٹن سے آج ایک نوجوان کی گولیوں سے چھلنی لاش ملی ہے ۔

نوجوان کی شناخت ذاکر حسین بڈو کے طور پر ہوئی ہے۔ادھر برسلز میں یورپی پارلیمنٹ میں ایک سیمینار کے مقررین نے عالمی برادری خاص طور پر یورپی یونین سے کہا ہے کہ حق خود ارادیت کے حصول میں کشمیریوں کی مدد کریں۔ ایک ہفتے تک جاری رہنے والی کانفرنس کی صدرات یورپی یونین پارلیمنٹ کے رکن افضل خان کر رہے ہیں ۔ کانفرنس سے آزاد جموں کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ کشمیر یورپی یونین ہفتہ کا انعقاد کشمیر کونسل یورپی یونین نے کیا ہے اور یہ 11نومبر تک جار ی رہیگا۔