مقبوضہ کشمیر کو پولیس اسٹیٹ میں تبدیل کردیاگیا ہے، محمد یاسین ملک

مقبوضہ کشمیرمیں ہڑتال سے نظام زندگی مفلو ج

پیر 21 نومبر 2016 22:37

سری نگر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 نومبر2016ء) جموں وکشمیرلبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے کہا ہے کہ جموںوکشمیر کو ایک پولیس اسٹیٹ میں تبدیل کردیا گیا ہے جہاں بھارتی فورسز کو کشمیری عوام کو ہراساں کرنے کی کھلی چھوٹ حاصل ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے جنوبی کشمیر کے علاقے ترال میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے گرفتاریوں اور حریت رہنمائوں سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق ،شبیر احمد شاہ ، آسیہ اندرابی اور محمد اشرف صحرائی کی مسلسل گھروں میں نظربندی کی شدید مذمت کی۔

محمد یاسین ملک رواں انتفادہ کے دوران شہید ہونیوالے کشمیریوں کے اہلخانہ سے ملاقات کیلئے ترال اور جنوبی کشمیر کے دیگر علاقوں میں گئے، بڑی تعداد میں لوگوںنے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور آزادی کے حق میں نعرے بلند کئے۔

(جاری ہے)

لبریشن فرنٹ کے چیئرمین ترال میں حزب المجاہدین کے شہید کمانڈر برہانی وانی کے گھر بھی گئے اور ان کے والد مظفر وانی سے ملاقات کی ۔

دختران ملت کی سینئر لیڈر ناہیدہ نسرین نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ حریت رہنمائوں نعیم احمد خان، فریدہ بہن جی اور زمرودہ حبیب نے اپنے الگ الگ بیانات میں وادی کے درجنوں لوگوں کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت جموں کی جیلوں میں منتقل کرنے پر انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سیکرٹری جنرل شبیر احمد شاہ نے جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں سے تعلق رکھنے والی بچی انشاء مشتاق کی کفالت کی ذمہ داری لینے کا اعلان کیا ہے جو پیلٹ لگنے سے زخمی ہو گئی تھی۔

حریت رہنماء نے ایک بیان میں کہاکہ پیلٹ گن سے متاثرہ کشمیریوں کی بحالی کیلئے ایک مہم شروع کی جائے گی۔ ادھر وادی کشمیر میںبھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے شہریوں کے قتل عام اور دیگر مظالم کے خلاف ہڑتال پیر کو بھی جاری رہی۔ بھارت مخالف مظاہروں کو ناکام بنانے کیلئے وادی کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹروںمیںبھارتی پولیس اور سینٹرل ریزروپولیس فورس کے اہلکار وںکی بڑی تعداد کو تعینات کیاگیا تھا۔

جاوید احمدمیر کی سربراہی میں ایک حریت وفد ایس ایم ایچ ایس ہسپتال سرینگر میں پیلٹ گن کے زخمیوں کی عیادت کیلئے ہسپتال گیا ۔ وفد کے ارکان نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ بھارت کو کشمیرمیں پیلٹ گن استعمال کرنے سے روکیں۔سرینگر اور سوپور میں آتشزدگی کے واقعات میں درجنوں مکان جل کر خاکستر ہو گئے۔ سرینگر کے علاقے ڈلگیٹ میں جل کر تباہ ہونے والے ایک گھر کے ملبے سے جھلسنے والے ایک شخص کی لاش ملی ہے ۔

متعلقہ عنوان :