مقبوضہ کشمیر میں فوجی کیمپوں پر حملے،2 افسران سمیت 7 فوجی ہلاک،2شدید زخمی

مقبوضہ کشمیر کے علاقے ناگروٹا فوجی کیمپ اور سامبھا سیکٹر میں بی ایس ایف کے قافلے پر حملہ کیا گیا،جوابی کاررائی میں5حملہ اور مارے گئے سخت سیکیورٹی کے باوجود حملہ آوروں کی آرٹلری یونٹ تک رسائی کی تحقیقات کی جائیگی، حملے سے تاثر ملتا ہے کہ حملہ آوروں کا ہدف عام شہریوں کے بجائے صرف فوجی اہلکار تھے،بھارتی وزیردفاع منوہر پاریکر

منگل 29 نومبر 2016 23:12

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 نومبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میں مسلح افراد کے حملوں کے نتیجے میں 2 فوجی افسران سمیت 7 اہلکار ہلاک ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی میں 3 حملہ آور مارے گئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے ناگروٹا میں علی الصبح بھارتی فوجی کیمپ میں 3 حملہ آور داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں 2 بھارتی فوج کے اعلی افسران سمیت 7 اہلکار ہلاک ہوگئے تاہم بھارتی فوج نے جوابی کارروائی میں 3 حملہ آوروں کو مارنے کا دعوی کیا ہے۔

بھارتی وزیردفاع منوہر پاریکر کا کہنا ہے کہ حملہ آور صبح ساڑھے 5 بجے ملٹری بیس کے اندر داخل ہوئے اور انہوں نے آرٹلری یونٹ میں دستی بم پھینکے تاہم سخت سیکیورٹی کے باوجود حملہ آوروں کی آرٹلری یونٹ تک رسائی کی تحقیقات کی جائے گی جب کہ حملے سے تاثر ملتا ہے کہ حملہ آوروں کا ہدف عام شہریوں کے بجائے صرف فوجی اہلکار تھے۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق دوسرا حملہ سامبھا سیکٹر میں ہوا جہاں مسلح افراد نے بی ایس ایف کے قافلے پر حملہ کیا جس میں دو حملہ آور مارے گئے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں دو بھارتی فوجی بھی زخمی ہوئے۔

بھارتی سیکیورٹی فورسز کے مطابق ناگروٹا میں مزید حملہ آوروں کی موجودگی کی اطلاعات کے باعث علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے بارہ مولا کے سیکٹر اڑی میں 18 ستمبر کو مسلح افراد کے حملے میں 18 فوجی مارے گئے تھے جس پر بھارت نے روایتی دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فوری طور پر اس کا الزام پاکستان پر لگادیا تھا۔