کنٹرول لائن ،نکیال موڑہ دھروتی میں بچوں کی وین پر بھارتی درندگی بھارتی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے،راجہ مقصود احمد

مقبوضہ کشمیرمیں چلنے والی آزادی کی تحریک اصل منزل کو پہنچنے والی ہے ، معصوم بچوں کا خون رائیگاں نہیں جائیگا، رہنماء (ن )لیگ آزاد کشمیر

جمعہ 16 دسمبر 2016 16:19

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 دسمبر2016ء) سابق ایم ایل اے و ضلع بھمبر مسلم لیگ ن کے صدر راجہ مقصود احمد خان نے کہاہے کہ کنٹرول لائن اور بالخصوص نکیال موڑہ دھروتی میں گذشتہ روز معصوم بچوں کی وین پر بھارتی درندگی اصل میں بھارت کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے۔ مقبوضہ کشمیرمیں چلنے والی آزادی کی تحریک اپنی اصل منزل کو پہنچنے والی ہے ۔

معصوم بچوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ بھارت کو اب اپنے مظالم کاحساب دینا ہوگا۔ بھارت نہ صرف مقبوضہ کشمیرمیں عورتوں ، بچوں اور بوڑھوں کواپنے مظالم کا نشانہ بنارہاہے بلکہ بھارت نے اپنے مظالم کا دائرہ کار کنٹرول لائن کی اس طرف آزادکشمیر کنٹرول لائن پر بسنے والے نہتے شہریوں تک بڑھادیاہے۔ بھارتی وزیراعظم اپنی مکارانہ چالوں سے اپنی کمزوریوں کو چھپانہیں سکتا۔

(جاری ہے)

بھارت کو بھاری ہتھیاروں کے استعمال اور بنانے کے بجائے اپنے ملک کے اندر بھوک و افلاس کی زدی میں آکر مرنے والے غریب عوام پرتوجہ دینی چاہیے۔ دنیا گلوبل ویلج کی شکل اختیار کرچکی ہے جبکہ بھارت آج بھی صرف ہندومت تک محدود ہے۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے اپنے اخباری بیان میں کیا۔ انھوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیرپروزیراعظم پاکستان کاٹھوس، اخلاقی ، سیاسی اورسفارتی موقف اپنانے سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کوتقویت ملی ہے۔

انھوں نے کہاکہ مکار مودی کی چالیں بھارت کو تقسیم کی طرف لے کر جارہی ہیں۔ بھارت دنیامیں واحد ہندوریاست جوکہ دہشت گردی پراتری ہے پاکستان کے اندرونی معاملات میں واضح مداخلت کررہاہے جس کے شوائد بلوچستان اور دیگرجگہوں پر سامنے آئے ہیں۔ بھارت کو چائنہ پاکستان راہداری ہضم نہیں ہورہی ۔ پاکستان بہت جلد دنیامیں ایشین ٹائیگربننے جارہاہے ۔

آج بڑے بڑے ممالک کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف اپنی توجہ پوری طرح مبذول کیے ہوئے ہیں ۔ آج چائنہ پاکستان راہداری اور گوادرپورٹ میں روس، ایران اور دیگرممالک کا جھکائو بھارت کے لیے باعث سبق ہے۔ عالمی برادری مقبوضہ کشمیراور کنٹرول لائن پرہونے والے بھارتی مظالم کانوٹس لے تاکہ بھارت آئے روز بھاری ہتھیاروں کے استعمال سے کنٹرول لائن پربسنے والے شہریوںکونشانہ بنانے سے باز رہے۔

متعلقہ عنوان :