مقبوضہ کشمیر بارایسوسی اور آسیہ اندرانی کا مکروہ بھارتی ایجنڈے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

بھارت غیر کشمیریوں کو مقبوضہ علاقے میں بسا کر جموںوکشمیر میں آبادی کے تناسب کو بگاڑناچاہتا ہے، چیئرپرسن دختران ملت مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے بھارتی مظالم قابل تشویش ہیں،میر واعظ

جمعرات 29 دسمبر 2016 17:59

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 دسمبر2016ء) مقبوضہ کشمیر میں ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میاں عبدالقیوم اور دختران ملت کی چیئرپرسن آسیہ اندرابی نے کہا ہے کہ بھارت غیر کشمیریوں کو مقبوضہ علاقے میں بسا کر جموںوکشمیر میں آبادی کے تناسب کو بگاڑناچاہتا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میاں عبدالقیو م نے سرینگرمیں ہائی کورٹ کے احاطے میں احتجاجی مظاہرے کے شرکا سے خطاب میں کہا کہ کشمیری عزم وہمت کے ساتھ مکروہ بھارتی منصوبوں کے آگے ڈٹے ہوئے ہیں جو لائق تحسین ہے۔

انہوںنے جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت کے خلاف بھارت کی مختلف عدالتوں میں دائر عرضداشتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کشمیرکی ایک منفر شناخت ہے جسکے خلاف بڑے پیمانے پر سازشیں رچائی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

مظاہرے کے شرکا نے اس موقع پر گزشتہ چھ ماہ کے دوران بڑی تعداد میں بے گناہ شہریوں کے قتل اور انہیں معذور کرنے کے خلاف زبردست نعرے لگائے۔ آسیہ اندرابی نے اپنے بیان میں کہا کہ جموں خطے میں غیرمقامی ہندوئوں کو ڈومیسائل سرٹیفکیٹس جاری کرنا ایک انتہائی حساس معاملہ ہے جسکا واحد مقصد جموںوکشمیر میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنا ہے۔

حریت فورم کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی صورتحال کے بارے میں ایک رپورٹ جاری کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے میں قتل عام اور بھارتی فورسز کے دیگر مظالم پر شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ بھارتی فوجیوںنے گزشتہ چھ ماہ کے دوران 115سے زائد کشمیریوں کو شہید اور 16ہزار سے زائد کو زخمی کیا ۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ پیلٹ گن سے 12 سو افراد جن میں بیشتر نوجوان شامل تھے کی آنکھوں کو نشانہ بنایا گیا ۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء مختار احمد وازہ نے کولگام اور اسلام آباد کے علاقوں میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسئلہ کشمیر جنوبی ایشیاء میں کشیدگی اور عدم استحکام کی بنیادی وجہ ہے ۔ انہوںنے بھارت پرزوردیا کہ وہ اپنی ہٹ دھرمی ترک کرتے ہوئے کشمیریوںکی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے عملی اقدامات کرے ۔ادھر نام نہاد کشمیر اسمبلی کے رکن انجینئر عبدالرشید نے ایک بیان میں کہاہے کہ کٹھ پتلی انتظامیہ کشمیری عوام کو ذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنانے کیلئے غیر انسانی ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے ۔آج ضلع بانڈی پورہ کے علاقے حاجن میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران دو بھارتی فوجی شدید زخمی ہو گئے۔

متعلقہ عنوان :