ْ کشمیری قوم خوشحال اور مستحکم پاکستان چاہتی ہے ، وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان

ہفتہ 7 جنوری 2017 22:54

مظفرآبا د ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جنوری2017ء) \وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ کشمیری قوم خوشحال اور مستحکم پاکستان چاہتی ہے جو دنیا کے سامنے مقدمہ کشمیر بہتر انداز میں پیش کر سکے۔ مضبوط اور مستحکم پاکستان تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کا ضامن ہے۔ کشمیریوں نے پختہ عزم کر رکھاہے کہ جب تک سری نگر سے چلنے والی بس راولپنڈی نہیں پہنچتی ہماری جدوجہد آزادی جاری رہے گی۔

ہندوستان اسرائیل کی پالیسی پر گامزن ہے اور مقبوضہ کشمیر میں غیر ریاستی باشندوں کو آباد کر کے آبادی کا تناسب تبدیل کرنا چاہتاہے۔ بھارتی سپریم کورٹ جو اپنے لوگوں کے ضمیر کو مطمئن کرنے کے لیے بے گناہ کشمیری افضل گورو کو پھانسی کا حکم دے سکتی ہے کشمیر میں غیر ریاستی افراد کی آبادکاری سے متعلق بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کشمیری تسلیم نہیں کرتے نہ اس فیصلے کو کوئی اہمیت دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انتہا پسند بھارتی وزیراعظم نریندر امودی نیتن یاہو کا شاگرد ہے۔ پاکستان کے اندر آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوریت کے لیے وکلاء برادری کا کردار نا قابل فراموش ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کر نے کے لیے وکلاء کو اپنا کردار ادا کر نا ہو گا۔ موجودہ حالات کے تناظر میں عالمی سطح پر بھارتی مظالم بے نقاب کرنے کے لیے کشمیریوں کو آگے لانے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنا مقدمہ خود پیش کر سکیں۔

اہل پاکستان مسئلہ کشمیر پر قوم میںیکجہتی پیدا کریں ۔ وزیراعظم آزادکشمیر ڈسٹرکٹ بار ایسو سی ایشن راولپنڈی کی طرف سے دیے گئے استقبالیے سے خطاب کر رہے تھے۔ استقبالیہ سے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے صدر شفقت رئوف صدیقی، سیکرٹری جنرل سردار بلال اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔وزیراعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ کشمیر کے انسان پانی اور درخت ہندوستان کے قبضے کو تسلیم نہیں کرتے۔

کشمیر پاکستان کی بقاء اور زندگی ہے ہر کشمیری پاکستان سے بے انتہا پیار کرتاہے۔ دونوں کے رشتوں کو کوئی کمزور نہیں کر سکتا۔ کشمیر کے سارے دریا قدرتی راستے پاکستان کے ساتھ ہیں مقبوضہ کشمیر میں غاصب بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والوں کو پاکستان کے سبز حلالی پرچم میں دفن کیاجا تاہے راولپنڈی کے ساتھ سری نگر اور کشمیر کے لوگوں کا دلی اور جذباتی رشتہ ہے جس کا اظہار ہر جلسے اور مظاہرے میں نعروں کے ذریعے ہوتا ہے۔

راجہ فاروق حیدر نے کہاکہ ہندوستان نے حالیہ عوامی تحریک کو کچلنے کے لیے ریاستی دہشتگردی اور جنگی جرائم کا ارتکاب کیا۔ کشمیریوں کی ایک نسل کو مہلک ہتھیار پیلٹ گن کے ذریعے اندھا کر دیا ہے۔ تحریک کے دوران مقبوضہ کشمیر کے لوگوں نے اپنے گھر بار ، کاروبار سب کچھ لٹا دیا مگر تحریک پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ساری سیاسی جماعتیں ہمارے لیے قابل احترام ہیں مگر اس مسئلے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔

تمام سیاسی قیادت کو مسئلہ کشمیر پر یک آواز ہو کر آگے بڑھنا ہو گا۔ وزیراعظم پاکستان میاںمحمد نواز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے دوران کشمیریوں کی بھرپور ترجمانی کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں پوری کیں۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے آزادکشمیر کے آئینی انتظامی اور مالیاتی مسائل حل کرنے کی بھرپور یقین دہانی کرائی ہے۔

آزادکشمیر میں جب اقتدار سنبھالہ تو تین ترجیحات تحریک آزادکشمیر ، گڈ گورننس اور تعمیر و ترقی کا تعین کیا۔ گذشتہ 10سال کے اندر آزادکشمیر میں گورننس کا معیار خراب ہوا اداروں میں مداخلت اور سفارش کے کلچر نے سسٹم تباہ کیاجس سے عوام کا ریاست سے اعتماد اٹھتا گیا ۔ حکومت سنبھالتے ہی جن ترجیحات کا تعین کیا ان پر کامیابی سے پیش رفت جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح بھی پیشے کے لحاظ سے وکیل تھے جنہوں نے کامیاب وکالت کے ساتھ پاکستان کا حصول ممکن بنایا۔ انصاف کے حصول اور فراہمی میں وکلاء کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ جس ریاست میں انصاف نہ ہو وہاں انارکی پیدا ہو جاتی ہے۔ بحیثیت وزیراعظم آزادکشمیر پہلے دن ہی یہ تہیہ کر لیا تھا کہ کچھ بھی ہو جائے کسی کے ساتھ نا انصافی نہیں ہونے دوں گا ۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے اندر ترقی کا بے پناہ پوٹینشل موجود ہے ریاست میں دستیاب قدرتی وسائل کو برئوے کار لا کر ہم نہ صرف خود کفالت کی منزل حاصل کر سکتے ہیں بلکہ پاکستان کی بھی مدد کر سکتے ہیںاس موقع پر راولپنڈی بار کے صدر شفقت رئوف اور سیکرٹری جنرل سردار بلال کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر میں آئین و قانون کا بالادستی کے لیے فاروق حیدر کی خدمات لائق تحسین ہیں ۔

میرٹ کا قیام ، اداروں میں اصلاحات اور دیگر ایسے کارہائے نمایاں اس بات کا عندیہ دیتے ہیں کہ آزادکشمیر میں فاروق حکومت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ مسئلہ کشمیر کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے اور انصاف کی فراہمی میں وکلاء ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہیں اور اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے۔انہوں نے کہا کہ راجہ محمد حیدرخان مرحوم نے تحریک آزادی کشمیر کے لیے گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں اور ان کے فرزند راجہ محمد فاروق حیدر ان کے مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ راولپنڈی بار میں آمد پر وکلاء نے وزیراعظم آزادکشمیر کا پرتپاک اور شاندار استقبال کیا ۔ ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :