جموںمیں بھارتی فوج کے تین اہلکار ہلاک ہوگئے

مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی پر عالمی برادری کی خاموشی قابل مذمت ہے، سید علی گیلانی راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ جیسی ہندو انتہا پسند تنظیموں کے ایجنٹ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو کمزور کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں،میر واعظ

پیر 9 جنوری 2017 18:00

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جنوری2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے وادی کشمیرمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی پرکڑی تنقید کی ہے ۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاکہ عالمی برادری کی بے حسی اور لاپروائی مقبوضہ علاقے میںخون ریزی کی بڑی وجہ ہے ۔

انہوںنے کہاکہ عالمی فورمزکی سردمہری سے گزشتہ ستر سال سے جموںوکشمیر میں جاری بھارتی مظالم کو جواز مل رہاہے۔ حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر کے علاقے خانیار میںشیخ عبدالقادر جیلانی ؒ کی درگاہ پر ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ جیسی ہندو انتہا پسند تنظیموں کے ایجنٹ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو کمزور کرنے کیلئے ہر ممکن کوششیں کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے ان خیالات کا اظہار مسلم راشٹریہ منچ کے زیر اہتمام نئی دلی میںکشمیر کے بارے میںنام نہاد کانفرنس کے انعقاد کاحوالہ دیتے ہوئے کیا۔ مسلم راشٹریہ منچ آر ایس ایس کی ذیلی تنظیم ہے ۔جموں ریجن میں اکھنور کے علاقے بٹل میں ایک حملے میں تین بھارتی فوجی ہلاک ہو گئے ۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کی اطلاعات کے مطابق آج صبح علاقے میںپلٹون کیمپ پر مسلح افراد کی فائرنگ سے بھارتی ریزروانجینئرنگ فورس کے اہلکار ہلاک ہو گئے ۔

دریں اثناء جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے سرینگر میں شہید سجاد احمد کینو کی یاد میںمنعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیر کی تحریک آزادی کا ایک چہرہ تھے جو آزادی کے حصول کے لیے اپنی آخری سانس تک ثابت قدم رہے۔ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی، جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ، پیپلز لیگ، تحریک مزاحمت اور محاذ آزادی کے رہنمائوں اور کارکنوں نے اسلام آباد قصبے کے علاقے ریشی بازار میں شہید سجاداحمد کینو کے مزار پر فاتحہ خوانی کی۔

سجاد کینو کو سپیشل آپریشن فورسز کے اہلکاروں نے 8 جنوری1996ء کو سرینگر میں شہید کیا تھا۔قابض حکام نے بارہمولہ میں جسمانی طورناکارہ ایک نوجوان تنویر احمد کے خلاف درج تمام جھوٹے مقدمات میں مقبوضہ علاقے کی عدالت عالیہ کی طرف سے ضمانت دیے جانے کے باوجود کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کرلیا۔ تنویر احمد کو کئی بیماریاں لاحق ہیں اور انکی بائیں ٹانگ کاٹی گئی ہے اوروہ بیساکھیوں کے سہارے چلتا ہے۔

متعلقہ عنوان :