مقبوضہ کشمیر، بھارت ہٹ دھرمی ترک کر کے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے آگے آئے، ہلال وار

جمعہ 13 جنوری 2017 19:04

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2017ء) مقبوضہ کشمیر میں اسلامک پولیٹیکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش اور تحریک مزاحمت کے جنرل سیکرٹری سلیم زرگر جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی کی ہدایت پر شہید ناصر شفیع کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے نیو تھیڈ ہارون گئے ۔ ناصر شفیع کو 2016کی پر امن احتجاجی تحریک کے دوران شہید کیا گیا تھا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد یوسف نقاش اور سلیم زرگر نے اس موقع پر شہید کے اہلخانہ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نوجوان بھارت کے جبری قبضے سے نجات کے لیے اپنی عزیز جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ کسی کو بھی عظیم قربانیوںکے ساتھ کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور شہداء کے مشن کی تکمیل تک جد وجہد ہر قیمت پر جاری رکھی جائے گی ۔

(جاری ہے)

حریت رہنمائوں نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کے سبب تنازعہ کشمیر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ شہداء کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔ محمد یوسف نقاش کے ساتھ اپنی پارٹی کے رکن سجاد احمد لون بھی تھے۔ دریں اثنا حریت رہنما ہلال احمد وار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ ہٹ دھرمی پر مبنی موقف ترک کر کے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے آگے آئے۔

انہوںنے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ مسئلہ کشمیر ہے جبکہ خطے میں مستقل امن، ترقی اور خوشحال کے راستے میں بھی یہی مسئلہ رکاوٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کوپاکستان ، بھارت اور حقیقی کشمیری قیادت پر مشتمل سہ فریقی مذاکراتی عمل کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :