ہمارا مقابلہ ہندوستان جیسے مکار اورعیار ملک سے ہے‘ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کے بدترین مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کر کے ہندوستان کو دنیا میں تنہا کر سکتے ہیں ‘ انسانی حقوق کی پامالیوں پر دنیا کا کوئی ملک ہندوستان کا ساتھ نہیں دے گا

وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کا عوامی اجتماع سے خطاب

ہفتہ 25 فروری 2017 22:15

نیلم۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2017ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ ہمارا مقابلہ ہندوستان جیسے مکار اورعیار ملک سے ہے‘ ہندوستان کے ساتھ دو معاملات پر جنگ لڑنی ہے پہلا معاملہ حق خودارادیت ہے اور دوسرا معاملہ بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالی اور ظلم و جبر ہے‘ ہم مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کے بدترین مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو عالمی سطح پر بے نقاب کر کے ہندوستان کو دنیا میں تنہا کر سکتے ہیں‘ انسانی حقوق کی پامالیوں پر دنیا کا کوئی ملک ہندوستان کا ساتھ نہیں دے گا‘ مہذب ممالک بڑی جمہوری قوتوں اور عالمی طاقتوں کے معاشروں کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف اکھٹا کر کے انہیں اپنا حامی بنایا جا سکتا ہے اس مقصد کے لیے آزادکشمیر کی ساری سیاسی قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو کر جدوجہد کرنا ہو گی‘ لائن آف کنٹرول کے متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے‘ بھارتی فائرنگ کی زد میں آنے والے ایل او سی کے علاقوں میں مقیم آبادی کو پختہ بنکر تعمیر کر کے دیں گے‘ بنکر کی تعمیر کے لیے سکیم وزارت امور کشمیر کو ارسال کر دی ہے مطلوبہ فنڈز وفاقی حکومت مہیا کرے گی‘ وادی نیلم کی تعمیر و ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے‘ وادی نیلم کے عوام کا پاکستان مسلم لیگ (ن) پر بڑا احسان ہے جنہوں نے شاہ غلام قادر کو تاریخ ساز کامیابی سے نوازاوادی نیلم خصوصی اہمیت کی حامل ہے‘ مستقبل قریب میں اقتصادی راہداری منصوبے کے حوالے سے اس علاقے میں بڑے ترقیاتی منصوبے شروع ہوں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزادکشمیر ضلع نیلم کے علاقہ کیل میں عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے گذشتہ روز وادی نیلم کا پہلا دورہ کیا۔ان کے ہمراہ سپیکر آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر ، وزیر اطلاعات مشتاق احمد منہاس،وزیر بحالیات ناصر ڈار، چیف سیکرٹری آزادکشمیر سکندر سلطان راجہ بھی تھے۔

وادی نیلم میں مختلف مقامات پر وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اجتماعات سے خطا ب کے دوران وزیراعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ بحیثیت وزیراعظم ریاستی عوام کے عزت و وقار اور حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کروں گاجس کا کوئی نہیں اس کے ساتھ کھڑا ہوں کسی کو دوسرے کا حق نہیں مارنے دوں گا گڈ گورننس اور میرٹ کی بحالی اولین ترجیح ہے میرٹ کے بحالی سے سب سے زیادہ ان علاقوں کے تعلیمی یافتہ نوجوان مستفید ہوں گے جنہیں ماضی میں پسماندہ رکھا گیا اب وادی نیلم کے تعلیمی یافتہ نوجوانوں کو نوکری کے لیے کسی کے پیچھے نہیں بھاگنا پڑے گا بلکہ وہ اپنی اہلیت اور صلاحیت کے بنیاد پر نوکریاں حاصل کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ وادی نیلم کی ترقی اور عوام الناس کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہر قیمت پر یقینی بنائی جائے گی مسلم لیگ ن نے وادی نیلم کے عوام سے جتنے بھی وعدے کیے ہیں انہیں پورا کیا جائے گا حکومت آزادکشمیر نے پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی اور عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ٹھوس حکمت عملی طے کر رکھی ہے جس کے تحت پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ شہروں کے برابر سہولیات مہیا کی جائیں گی نیلم کے عوام نے مسلم لیگ ن پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اسے ٹھیس نہیں پہنچنے دیں گے وزیراعظم نے کہاکہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ کشمیری قیادت کرسی کی فکر کیے بغیر ریاستی حقوق کے لیے متحد ہو کر کام کرے ریاستی ایشوز تب ہی حل ہوں گے جب سارے اکٹھے ہو کر چلیں گے اور اپنے حق کے لیے سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر آواز اٹھائیں گے‘ مسلم لیگ ن کی حکومت وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف کے ویژن کو آگے بڑھا رہی ہے انہی کے ویژن کے مطابق آزاد کشمیر میں جمہوری ماحول برقرار رکھنا چاہتے ہیں بحیثیت وزیراعظم سب کا احترام کرتا ہوں لیکن ایک بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ حکومت کی رٹ اور اتھارٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا وزیراعظم نے دورہ نیلم کے دوران مسلم لیگ ن کے ضلعی عہدیداران اور کارکنان اور عوام الناس سے ملاقاتیں بھی کیں۔

متعلقہ عنوان :