حریت رہنمائوں کا بھارتی فوجیو ں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کم عمر نوجوان عامر نذیر اور دیگر نوجوانوں کو خراج عقیدت

جمعرات 9 مارچ 2017 20:34

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مارچ2017ء) مقبوضہ کشمیر میں آزادی پسند رہنمائوں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع پلوامہ میں شہید ہونے والے کم عمر لڑکے 15سالہ عامر نذیر اور دیگر دو نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ فوجیوں نے عامر نذیر کو ضلع کے علاقے پدگام پورہ میں پر امن مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کر کے شہید کیا جبکہ جہانیگر احمد گنائی اور محمد شفیع کو علاقے میں ایک جعلی مقابلے کے دوران شہید کیا گیا۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے سرینگر میں منعقدہ اپنی ایگزیکٹو کونسل کے اجلاس میں عامر نذیر اور دیگر دو نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کے سربراہ نے حال ہی میں ایک بیان میں کہا تھا کہ عسکریت پسندوں کی حمایت میں سڑکوں پر آنے والے کشمیریوں کے ساتھ بھی سختی سے نمٹا جائے گاجبکہ عامر نذیر کی شہادت اس مذموم بیان کا عملی مظاہرہ ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کہا گیا کہ بھارت کی یہ غلط فہمی ہے کہ وہ بیگناہ کشمیریوںکے قتل کے ذریعے تحریک آزادی کو دبانے میں کامیاب ہو گا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور اسلامک پولیٹیکل پارٹی کے سربراہ محمد یوسف نقاش نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام تمام تر بھارتی جبر وا ستبداد کے باوجود اپنی جدوجہد کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو اپنی ضد اور ہٹ دھرمی کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کے باعث ہی تنازعہ کشمیر عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت ایک منصوبہ بند سازش کے تحت کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے جبکہ عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموںوکشمیر سوشل پیش فورم کے چیئرمین ایڈووکیٹ دیویندر سنگھ نے جموں میں اپنی پارٹی کے ایک اجلاس سے خطاب میں شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ نہتے اور بے گناہ کشمیریوں کے قتل کا نوٹس لیں۔

حریت رہنما اور سالویشن موومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے بھی سرینگر میں ایک بیان میں شہید نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔ ظفر اکبر بٹ کی ہدایت پرمولوی رفیق، گوہر احمد ، عاقب حسین ، سکندر کشمیری پر مشتمل سالویشن موومنٹ کا ایک وفد شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پدگام پورہ گیا۔

تحریک مزاحمت کے چیرمین بلال صدیقی نے سرینگر میں جاری بیان میں ایک بیان میں شہید نوجوانوں کو خراج عقید ت پیش کیا۔حریت رہنما جاوید احمد میر نے بھی سرینگر میں جاری ایک بیان میں میں شہید نوجوانوں کو خراج عقدیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے اپنی فوسز کو نہتے کشمیریوں کے قتل کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے ۔جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نے بھی شہید نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کر رہا ہے ۔

جموںوکشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے جنرل سیکرٹری محمد رمضا ن خان نے بھی سرینگر میں جاری ایک بیان میں پندرہ سالہ لڑکے عامر نذیر کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہید کے اہلخانہ کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیا ۔ انہوں نے جعلی مقابلے میں شہید کیے جانے دو نوجوانوں کو بھی زبرددست خراج عقیدت پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :