کھڑی کا سپوت ،پیراشاہ سرکار اور میاں محمد بخش کی دھرتی کا رہنے والا ہوں،تاریخ گواہ ہے ہمیشہ جرات ،ثابت قدمی سے عوامی حقوق کی جنگ لڑی ، بیرسٹر سلطان

جس نے ہمارے ساتھ زیارتی کی تاریخ میں وہ عبرت کا نشان بن گیا،نواز شریف اورحواریوں کا جانا اب سالوں نہیں دنوں کی بات ہے،آزاد کشمیر میں حکومت بدترین کرپشن میں مبتلا ہو چکی ہے،صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر کا ورکرز کنونشن سے خطاب

بدھ 22 مارچ 2017 17:20

کھڑی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2017ء) سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر و صدر کشمیر پی ٹی آئی بیر سٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ کھڑی کا سپوت ہوں پیرا شاہ سرکار اور میاں محمد بخش کی دھرتی کا رہنے والا ہوں۔تاریخ گواہ ہے کہ ہم نے ہمیشہ جرات اور ثابت قدمی سے عوامی حقوق کی جنگ لڑی ہے جس نے ہمارے ساتھ زیارتی کی تاریخ میں وہ عبرت کا نشان بن گیا۔

نواز شریف اور اُس کے حواریوں کا جانا اب سالوں نہیں مہینوں نہیں بلکہ دنوں کی بات ہے۔آزاد کشمیر میں موجودہ حکومت بدترین کرپشن میں مبتلا ہو چکی ہے۔احتسابی عمل سست روی کا شکار ہے۔میں نے آزاد کشمیر میں احتساب ایکٹ منظور کروایا تھا تا کہ ریاست کو کرپشن سے پاک کیا جا سکے۔موجودہ حکومت گلگت بلتستان کو الگ صوبہ بنانا چاہتی ہے۔

(جاری ہے)

گویا کہ بلی اب کھل کر تھیلے سے باہر آ گئی ہے۔

حلقہ کھڑی میرا گھر ہے۔یہاں انتظامیاں انتقامی کاروائیاں فوری طور پر بند کرے۔بصورت دیگر ہم ان انتقامی کاروائیوں کا منہ توڑ جواب دیں گے۔سجادہ نشین مرکزی دربار عالیہ کھڑی شریف صاحبزادہ میاں محمد عمر بخش مذہبی ،روحانی ،سماجی اور سیاسی اعتبار سے اپنے بزرگوں کے ورثے کو انتہائی خوبصورت انداز سے لے کر آگے بڑھ رہے ہیں ۔میاں اشرف مرحوم اور میاں اقبال کا ہمارے خاندان کے ساتھ تعلق اور رشتہ کہیں عشروں پر مشتمل ہے۔

میاں اشرف مرحوم اور میاں اقبال نے میری سیاسی پرورش کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کیا۔میاں سعید ایڈووکیٹ کو میں نے اپنے وزارت عظمیٰ کے دور میں میرپور الاٹ منٹ کمیٹی کا ممبر بنایا ۔اس کے علاوہ چوہدری فاضل ،چوہدری رشید مرحوم ،صادق بھٹی خلیفہ میرے پرانے ساتھیوں میں سے ہیں۔آج پیرا شاہ ہاوس مرکزی دربار عالیہ کھڑی شریف میں کامیاب ورکرز کنونشن کے انعقاد پر سجادہ نشین میاں محمد عمر بخش کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔

ان خیالات کا اظہار بیر سٹر سلطان محمود چوہدری نے پیرا شاہ ہاوس مرکزی دربار عالیہ کھڑی شریف میں ورکرز کنونشن سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن کی صدارت چیئرمین علماء و مشائخ ونگ تحریک انصاف آزادکشمیر میاںعمر بخش نے کی جبکہ کنونشن سے سابق وزیر حکومت چوہدری ارشد حسین ، فیض حمید فیضی ، ڈاکٹر معروف حسین ، حاجی جاوید اکرم اور دیگر نے بھی خطاب کیا ان کے ہمراہ برطانیہ پی ٹی آئی کے رہنماء چوہدری مالک ، چوہدری منشاء ، چوہدری امجد ،عنصر صارم اور میڈیا ایڈوائزر نصیر احمد چوہدری ایڈووکیٹ بھی تھے۔

ورکرز کنونشن کی صدارت سجادہ نشین مرکزی دربار عالیہ کھڑی شریف صاحبزادہ میاں محمد عمر بخش نے کی۔ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران سابق وزیربرقیات سدا بہار ایم ایل اے چوہدری ارشد حسین نے کہا کہ موجودہ حکومت کھڑی کے اندر انتقامی کاروائیاں فوری طور پر بند کرے۔انتظامیہ اور ذمہ دار سن لیںچوہدری خادم حسین کا بیٹا ہوں ہر حال میں اپنے کارکنان کا دفاع کروں گا۔

حالیہ الیکشن میں بدترین دھاندلی کر کے ایک جعلساز اور انڈر میٹرک کو کھڑی کے لوگوں پر مسلط کر دیا گیا۔جس کے خلاف میں نے عدالتی جنگ شروع کر رکھی ہے۔انشاء اللہ جلد کامیابی ہماری ہو گی اور کھڑی کے لوگوں کو اس جعلساز سے نجات ملے گی۔چئیر مین علماء ومشائخ ونگ پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر و سجادہ نشین مرکزی دربار عالیہ کھڑی شریف صاحبزادہ میاں محمد عمر بخش نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضور ﷺ کی محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔

حضور کی شان میں کی جانے والی گُستاخیاں کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گئیں۔موجودہ حکومت کے لیے شرم اور ڈوب مرنے کامقام ہے کہ ان کے دور اقتدار میں سرور کائنات کی شان میں سوشل میڈیا پر گُستاخیاں کی جا رہی ہیں اور حکومت اب تک ان لوگوں کے خلاف اب تک کوئی موثر کاروائی کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔بیر سٹر سلطان محمود چوہدری کی کشمیر کاز کے لیے تاریخی خدمات پر ہم اُنھیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

بیر سٹر سلطان محمود چودہدی نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ جس طرح کے سیاسی حالات آج پاکستان میں چل رہے ہیں اس سے یہ ثابت ہو تا ہے کہ مسلم لیگ ن کے قائدین ذہنی الجھن کا شکار ہیں وہ جانتے ہیں کہ اب ان کے دن گنے جا چکے ہیں اس لیے وقت کا تقاضا ہے کہ تحریک انصاف کے کارکنان الیکشن کی تیاریاں کر لیں بہت جلد الیکشن کا بگل بج جائیگا ۔ انہوںنے کہا کہ حکومت پاکستان گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کیلئے جو ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے وہ آئینی وقانونی طورپر کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ۔

متعلقہ عنوان :