مقبوضہ کشمیر: بھارتی فورسز کے مظالم کے خلاف سرینگر میں مظاہرہ

پولیس نے پلوامہ سے 12نوجوان گرفتار کر لیے

جمعرات 23 مارچ 2017 18:51

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مارچ2017ء) مقبوضہ کشمیر میں سرینگر کے علاقے آنچار صورہ میں لوگوں نے بھارتی پولیس کے بلاجواز چھاپوں اور بیگناہ نوجوانوں کی گرفتار ی کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی پولیس نے علاقے میں گھروں پر چھاپوں کے دوران متعدد بے گناہ نوجوان گرفتار کر لیے۔

علاقے میں تعینات بھارتی فورسز کے اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارچ کیا اور آنسو گیس کے گولے داغے۔ اس موقع پر فورسز اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ ادھربھارتی پولیس نے ضلع پلوامہ کے گائوں آر ی ہل سے کم از کم 12نوجوانوں کو آزادی کے حق میں مظاہروں میں شرکت کی پاداش میں گرفتار کر لیا۔ ان نوجوانوں کو رات کے وقت گھروںپر چھاپوں کے دوران گرفتار کیا گیا۔