بڈگام میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں تین نوجوان شہید متعدد زخمی

وادی کشمیرمیںکل مکمل ہڑتال کی جائیگی

منگل 28 مارچ 2017 19:04

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2017ء) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران ضلع بڈگام کے علاقے چاڈورہ میں تین کم عمر کشمیری نوجوانوںکو شہید اوردرجنوںکو زخمی کردیا ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شہید ہونیوالے کم عمر نوجوانوں میں زاہد رشیداورثاقب احمد شامل ہیں جنہیں بھارتی فوجیوںنے گولیاں مار کر شہید کیا۔

یہ نوجوان ا ن مظاہرین میں شامل تھے جو بھارتی فوجیوں کے محاصرے میں پھنسے ہوئے نوجوانوں کو بچانے کیلئے احتجاج کر رہے تھے ۔ زاہد رشید پانچ بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا ۔ایک تیسرا نوجوان اس وقت شہید ہوا جب فورسز نے علاقے میں ایک مکان کو دھماکے سے اڑا دیا ۔بھارتی فورسز کی مظاہرین پر فائرنگ سے درجنوں شہری زخمی بھی ہوئے ۔

(جاری ہے)

ادھرسیدعلی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے ایک بیان میں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کے قتل کے خلاف کل مکمل ہڑتال کی کال دی ہے ۔

حریت قائدین نے جمعہ کو پوری وادی کشمیرمیں مظاہروں کی کال بھی دی ۔ انہوںنے مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کے قتل عام کی کسی غیر جانبدار ادارے سے تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ۔حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں ایک بیان میں کہاہے کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کے ظلم و تشدد کی وجہ سے کشمیری نوجوان مجبور اًاپنے وطن کی آزادی کیلئے مسلح جدوجہد کی راہ اختیار کررہے ہیں۔

انہوںنے بھارت سے کہاکہ وہ اپنی ہٹ دھرمی ترک کر کے کشمیری عوام کی سیاسی خواہشات کا احترام کرے ۔دریں اثناء ضلع پلوامہ میں اتوار کو بھارتی فوجیو ںکے ہاتھوں دونوجوانوں کی شہادت پر آج دوسرے روز بھی مکمل ہڑتال کی گئی ۔پلوامہ میںتمام تجارتی مراکز اور دکانیںبند رہیں۔ بھارت سرینگر اور اسلام آباد کے اضلاع میں آئندہ نام نہادپارلیمانی ضمنی انتخابات کے دوران سیکورٹی کے نام پر جموںوکشمیر میںبھارتی سینٹرل ریزروپولیس فورس کے بیس ہزا ر اضافی اہلکار تعینات کررہاہے۔

اسلام آباد میںکل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموںوکشمیر شاخ کے زیر اہتمام ایک سیمینار کے مقررین نے شہید ایڈووکیٹ جلیل اندرابی اور شہید اشفاق مجید وانی کو انکی شہادت کی برسیوں پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوںنے کہاکہ کشمیری عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول تک آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔

متعلقہ عنوان :