بھارتی فوج اپنے تحفظ کیلئے کشمیریو ں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہی ہے، قاضی یاسر

جمعہ 14 اپریل 2017 18:24

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اپریل2017ء) مقبوضہ کشمیر میں امت اسلامی کے چیئرمین قاضی یاسر نے کہا ہے کہ بھارتی فوج اپنے تحفظ کے لیے کشمیریو ں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہی ہے۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کو جس وحشیانہ طریقے سے قتل اور اندھا کیا جا رہا ہے وہ بھارتی جمہوریت کے چہرے پر ایک بدنما دھبہ ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق قاضی یاسر نے پلوامہ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایک طرف جمہوریت کے بلند بانگ دعوے جبکہ دوسری طرف کشمیریوں کے ساتھ جانوروں جیسا برتائو کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں بڈگام اور چاڈورہ میں گیارہ کشمیری شہید کیے گئے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ بھارت یہاں ہرطرف نہتے لوگوں کا خون بہا رہا ہے۔

(جاری ہے)

قاضی یاسر نے کہا کہ لاکھوں فوجیوں کی موجودگی میں نام نہاد انتخابات کا ڈرامہ رچایا گیا اور اس دوران آٹھ بیگناہ نوجوان شہید جبکہ سو سے زائد زخمی کیے گئے اور پھر بھی ووٹنگ کی شرح محض پانچ فیصد رہی جو اس بات کو ظاہر کر تا ہے کہ بھارت کشمیر میں جنگ ہار چکا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ کشمیریوں کو اپنے شہداء کے جنازوں میں بھی شرکت کی اجازت نہیں دی جاتی ۔قاضی یاسر نے کہا کہ جو شخص پانچ یا سات فیصد ووٹ لیکر پارلیمنٹ میں پہنچنے گا اور کشمیریوں کا نمائندہ ہونے کا دعویٰ کرے گا، اسکے لیے یہ شرم کا مقام ہوگا۔انہوںنے کہا کہ بھارت نواز جماعت نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ موسموں کی طرح رنگ بدلتے ہیں کیونکہ وہ ایک دن انکا بیان ہوتا ہے کہ پتھرائو کرنیوالے نوجوان آزادی کیلئے لڑتے ہیں جبکہ دوسرے روز کہتے ہیں کہ نوجوان پیسوں کے عوض پتھرائو کرتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :