مقبوضہ کشمیر ، لوگوں کے زبردست بھارت مخالف مظاہرے،شہری کی شہادت پر کپواڑہ میں ہڑتال

وادی بھر میں طلباء کے احتجاجی مظاہروں سے واضح ہوتا ہے کشمیری معاشرے کا ہر طبقہ جاری جدوجہد آزادی سے پوری طرح وابستہ ہے،حریت رہنمائوںکا خطاب

جمعہ 28 اپریل 2017 18:48

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2017ء) مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی ہوئی بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف لوگوں نے آج زبردست بھارت مخالف مظاہرے کیے۔ بھارتی فورسز کی طرف سے مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق لوگ سرینگر، بڈگام ، سوپور، بارہمولہ، اسلام آباد، پلوامہ ، شوپیاں، کولگام ، کپواڑہ ، بانڈی پورہ اور دیگر علاقوں میں سڑکوں پر نکل آئے۔

انہوںنے بھارت کے خلاف اورآزادی کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ لوگوں نے بہت سے مقامات پر پاکستانی جھنڈے بھی لہرائے۔ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے متعدد مقامات پر مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے آنسو گیس کے گولے داغے جس کے بعد مظاہرین اور فورسز اہلکاروں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔

(جاری ہے)

فورسز کی وحشیانہ کارروائیوں کے نتیجے میں کئی مظاہرین زخمی ہو گئے۔

کشتواڑ کے علاقے محلہ برہمن میں ایک نجی تعلیمی ادارے کی دیوار پر بھارت مخالف اور پاکستان کے حق میں نعرے لکھے ہوئے دیکھے گئے۔ یہ سکول انتہائی حساس علاقے میں واقع ہے اور یہ ایک بھارتی پولیس چوکی اور بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک بنکر سے چند سومیٹر کی دوری پرہے۔ ادھر بھارتی فورسز کے ہاتھوںپنز گام میں گزشتہ روز ایک شہری محمد یوسف بٹ کے قتل کے خلاف آج ضلع کپواڑہ میں مکمل ہڑتال کی گئی۔

کٹھ پتلی انتظامیہ نے لوگوںکو شہری کے قتل کیخلاف احتجاجی مظاہرے کرنے سے روکنے کیلئے ضلع کے مختلف علاقوں میں پابندیاںعائد کر رکھی تھیں۔ حریت رہنما?ں اور تنظیموں نے محمد یوسف بٹ کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی ہے۔دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر دیاگیا ہے۔ بھارتی پولیس نے بدھ کی شب سرینگر کے علاقے صورہ میں آسیہ اندرابی کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر انہیں پارٹی رہنماء فہمیدہ صوفی کے ہمراہ گرفتار کرلیاتھا۔

حریت رہنماء میر واعظ عمر فاروق نے جامع مسجد سرینگر میں نما ز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اور آغا سید حسن الموسوی الصفوی اور قاضی احمد یاسر نے بڈگام اور اسلام آباد میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وادی بھر میں طلباء کے احتجاجی مظاہروں سے واضح ہوتا ہے کہ کشمیری معاشرے کا ہر طبقہ جاری جدوجہد آزادی سے پوری طرح وابستہ ہے۔

حریت رہنمائوں نعیم احمدخان ، بلال صدیقی ، محمد یوسف نقاش اور حکیم عبدالرشید نے ضلع اسلام آباد کے علاقے Chee اورمختار احمد وازہ نے ترال میں عوامی ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے بھارت پر زوردیا کشمیر پر اپنی ہٹ دھرمی ترک کرتے ہوئے اس دیرینہ تنازعے کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی اور جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر نے اپنے بیانات میں کہاہے کہ مقبوضہ علاقے میں انٹرنیٹ سروس پر پابندی ریاستی دہشت گردی کی ایک اور کارروائی اورمقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسز کے مظالم پر پردہ ڈالنے کی ایک سازش ہے۔

متعلقہ عنوان :