برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک میں نئی انگڑائی لی ہے‘عبدالرشید ترابی

طلبہ اور طالبات پتھروں سے قابض فوج کا بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں ،ہندو بنیا طاقت کی زبان سمجھتا ہے اور اس سے طاقت کی زبان میں ہی با ت کی جائے

جمعہ 2 جون 2017 14:51

برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک میں ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2017ء) جماعت اسلامی آزا دجموں وکشمیر کے امیر وممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک میں نئی انگڑائی لی ہے ، طلبہ اور طالبات پتھروں سے قابض فوج کا بہادری سے مقابلہ کر رہے ہیں ،ہندو بنیا طاقت کی زبان سمجھتا ہے اور اس سے طاقت کی زبان میں ہی با ت کی جائے ۔

کشمیریوں کی پاکستانی حکومت ، اپوزیشن اور قوم سے توقعات ہیں کہ کشمیر کی آزادی کے لیے محض ایک خط یا بیان کافی نہیں ہے ، بلکہ آزادی کے لیے پالیسی اور حکمت عملی تشکیل دینا ہوگی، میڈیا ابلاغ کے محاذ پر ہندوستان کو بے نقاب کرے ، نریندر مودی کی انتہا پسند پالیسیوں کی وجہ سے پوری دنیا میں کشمیریوں کے حق میں ایک فضا موجود ہے ، اس سے استفادہ کرنے کے لیے حکومت پاکستان بھرپور کردار اداکرے، نریندر مودی کشمیریوں کی اپنی آزادی کی تحریک کو بد نام کرنے کے لیے اور مظالم کو دنیا سے چھپانے کے لیے سیز فائر لائن پربلا اشتعال فائرنگ و گولہ باری کر رہا ہے تا کہ وہ دنیا کو گمراہ کرے کہ سرحد سے مداخلت ہو رہی ہے ، میڈیا بھارت کے ان عزائم کو بے نقاب کرے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوںکے اعزاز میں دئیے گئے افطار ڈنر میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی ارشد ندیم ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔افطار ڈنر میں اے کے این ایس کے صدر اور چیف ایڈیٹر روزنامہ جموں وکشمیر عامر محبوب ، گروپ ایڈیٹر راجہ کفیل ، ایڈیٹر شہزاد راٹھور، چیف ایڈیٹر صدائے چنار امجد چوہدری ، ایڈیٹر صدائے چنار اعجاز عباسی ، چیف ایڈیٹر کشمیر ایکسپریس سردار زاہد تبسم ، ایڈیٹر کشمیر لنک متین خواجہ ، ایڈیٹر کشمیر ٹائمز ارشد ثانی ، چیف ایڈیٹر کشمیر پوسٹ الطاف بٹ ، گروپ ایڈیٹر راجہ بشیر عثمانی ، ایڈیٹر محی الدین ڈار ، اینکر پرسن آصف محمود ، عدیل بشیر سمیت دیگر سینئر صحافیوں اور حریت قائدین نے شرکت کی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ ہندوستان سیز فائر لائن پر بلا اشتعال فائرنگ سے باز رہے ورنہ کشمیر کا بچہ بچہ پاک فوج کے شانہ بشانہ ہندوستان کو سبق سکھائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکی ہے ، کشمیری اپنے شہداء کو پاکستانی پرچموں میں لپیٹ کر دفن کر رہے ہیں ، اور پاکستان کی حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے جو توقعات کشمیریوں کی ہیں وہ پوری نہیں ہو رہی ، حکومت اپوزیشن اور پوری قوم کشمیریوں کی پشتی بانی کا حق ادا کرے ، نریندر مودی پوری دنیا میں بے نقاب کرے ، حکومت پاکستان او آئی سی کا سربراہی اجلاس بلائے ، میاں نواز شریف جارحانہ سفارتی مہم کا آغاز کرے اور خو دبھی اہم دارالحکومتوں کا دورہ کریں ۔

کشمیری آزادی یا موت کی راہ پر گامزن ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان کا میڈیا بیک زبان کشمیریوں کی تحریک کے خلاف پروپیگنڈے میں مصروف ہے آزاد کشمیر و پاکستانی پرنٹ و الیکٹرونک میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ حقائق کو دنیا کے سامنے لائے اور بھارت کو ابلاغ کے محاذ پر بے نقاب کرے۔

متعلقہ عنوان :