حریت رہنمائوں کیخلاف این آئی اے کی انتقامی کارروائیوں پر اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر احتجاجی دھرنا

پیر 5 جون 2017 16:42

حریت رہنمائوں کیخلاف این آئی اے کی انتقامی کارروائیوں پر اسلام آباد ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2017ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموںوکشمیر شاخ نے اقوام متحدہ کی توجہ مقبوضہ کشمیرمیں نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی طرف سے حریت رہنمائوں کے خلاف کریک ڈائونز کی طرف مبذول کرانے کیلئے اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر احتجاجی دھرنا دیا۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق احتجاجی دھرنے میں محمود احمد ساغر ، منظور الحق بٹ ، میر طاہر مسعود، ملک عبدالمجید ، عبدالمجید میر ، راجہ شاہین ، نثا رمرزا ، شیخ متین احمد ، اعجاز رحمانی ، اشتیاق حمید ، شیخ یعقوب، انجینئر مشتاق محمود اور دیگر شامل تھے۔ انہوںنے اقوام متحدہ پر زوردیا کہ عالمی ادارے کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائے۔

(جاری ہے)

ادھرکل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموںوکشمیر شاخ نے آج اسلام آباد میں ایک اجلاس میں بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی طرف سے حریت رہنمائوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں کی شدید مذمت کی گئی ۔ اجلاس کی صدارت منظور الحق نے کی ۔ حریت رہنمائوںنے حریت قیادت کو بدنام کرنے کیلئے بھارت کی طرف سے شروع کی گئی مذموم مہم کی بھی مذمت کی ۔

اجلاس کے شرکاء نے کہاکہ این آئی اے حریت قائدین کے خلاف پرانے جھوٹے مقدمات جن میں عدالتیں انہیں بری کر چکی ہیں کو دوبارہ کھولنے کی دھمکیاں دے رہی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ اس طرح کے ہتھکنڈوںسے حریت قیادت کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوںنے اسے نام نہاد انتظامیہ کی بوکھلاہٹ قراردیا ۔ حریت رہنمائوںنے کہاکہ این آئی اے نے متعدد حریت رہنمائوں کے گھروں اور دفتروں پر چھاپے مار کر انہیں اور انکے اہلخانہ کو ہراساں کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :