بھارتی حکومت نے اپنی فورسز کو کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے، کل جماعتی حریت کانفرنس

بزدلانہ کارروائیوں کے ذریعے کشمیریوں کو تحریک آزادی کے راستے سے ہرگز ہٹایا نہیں جاسکتا،ترجمان

جمعرات 8 جون 2017 15:47

بھارتی حکومت نے اپنی فورسز کو کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھٹی دے رکھی ..
سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کیلئے اپنی فورسز کو انکے قتل عام کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میںجاری ایک بیان میں بھارتی فورسز کی طرف سے شوپیاں میں پر امن مظاہرین پر فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے 20 سالہ نوجوان عادل فاروق ماگرے کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انکے اہلخانہ کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیا۔

انہوں نے کہا کہ بے گناہ کشمیریوں کے مسلسل قتل ، حریت رہنمائوں کی گرفتاری اور انکے خلاف کالے قانون پبلک سیفٹی کے اطلاق اور جبر و استبداد کی دیگر کارروائیوں کے سبب مقبوضہ علاقے کا ماحول انتہائیکشیدہ ہو چکا ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کو ایک طرف بے دریغ قتل کیا جا رہا ہے جبکہ دوسری طرف سے کشمیریوں سے پر امن احتجاج کا بھی حق چھین لیا گیا ہے۔

انہوںنے جنوبی کشمیر اور بالخصوص پلوامہ میں عام شہریوں کے خلاف جاری دہشت گردانہ کاروائیوں ،رات کے وقت گھروں پر چھاپوں،املاک کی تباہی ،مکینوں کو ہراساں کرنے اورعام نوجوانوں کی بلا جواز گرفتاری کو بدترین انتقام گیری قرار دیتے ہوئے کہ اس طرح کی کارروائیوں کے ذریعے کشمیریوں کو تحریک آزادی کے راستے سے ہرگز ہٹایا نہیں جاسکتا۔ حریت کانفرنس کے ترجمان نے شہداء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ عالمی برادری رواں خونین لہر کو روکنے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔

انہوں نے تحریک حریت جموںوکشمیرکے جنرل سیکرٹری محمد اشرف صحرائی ،پیر سیف اللہ، الطاف احمد شاہ، راجہ معراج الدین کلوال ،ایاز اکبر، محمد اشرف لایا اور عمر عادل ڈار کی مسلسل نظربندی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے قطعی طور پر بلا جواز قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :