بھارت ’ این آئی اے‘ اور ’جی ایس ٹی‘ کو کشمیریوں کیخلاف جنگی حربے کے طور پر استعمال کر رہا ہے سلسلہ بند نہ کیا گیا تو بھرپور احتجاجی پروگرام جاری کیا جائیگا،مقبوضہ کشمیر کی مشترکہ مزاحمتی قیادت نے جمعہ کو پر امن احتجاجی مظاہروں کی کال دیدی

بدھ 14 جون 2017 21:12

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2017ء) مقبوضہ کشمیر میں سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے بھارتی تحقیقاتی ادارے’’ این آئی اے‘‘ اور جنرل سیلز ٹیکس( جی ایس ٹی) کے ادارے کی مقبوضہ علاقے میں غیر قانونی کارروائیوں ، شوپیان کے دیہات میں عام شہریوں پر بھارتی فورسز کے مظالم اور املاک کی تباہی کے خلاف جبکہ تمام سیاسی نظر بندوں کی عیدالفطر سے قبل رہائی کے لیے 16جون بروز جمعہ کو پر امن احتجاجی مظاہروں کی کال دی ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مشترکہ مزاحمتی قیادت کی طرف سے سرینگر میں جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ بھارت این آئی اے کوآزادی پسند کشمیری قیادت کو خرفزدہ کرنے اور جی ایس ٹی کو کشمیر کی اقتصادیات برباد کرنے کے لیے جنگی حربے کے طور استعمال کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا کہ بھارت کی موجودہ حکومت کی کشمیر پالیسی نامعقول اورہٹ دھرمی پر مبنی ہے اوروہ کشمیر کے دیرینہ تنازعے کو حل کرنے کے حوالے سے کسی قسم کی سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کررہی۔

مزاحمتی رہنمائوں نے خبردار کیا کہ اگر این آئی اے کو جنگی حربے کے طور پر استعمال کرنے کا سلسلہ بند نہیں کیا گیا تو اس کے خلاف ایک بھرپور احتجاجی پروگرام جاری کیا جائے گا۔ بیان میں کہا کہ بھارتی حکمران کشمیریوں کو دانے دانے کا محتاج بنانا چاہتے ہیں اور وہ انہیں کسی بھی طور خود مختار اور خود کفیل نہیں دیکھنا چاہتے۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی پالیسی سازوں کو کشمیریوں کی ترقی اور خوشحالی ایک آنکھ نہیں بھاتی ہے اور وہ ہر سطح پر ان کے خلاف سازشیں رچارہے سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ 2016؁ء کی احتجاجی تحریک کے دوران گرفتار کئے گئے آزادی پسند قائدین اور کارکنوں کی نظربندی کو اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے سے طول دیا جا رہا ہے اور رمضان المبارک کے مہینے میں بھی انہیں رہا نہیں کیا گیا ۔

بیان میں کہا گیا کہ کشمیری نظر بندوں کی ایک بڑی تعداد کو گھروں سے سینکڑوں میل دور جموں کی جیلوں میں رکھا گیا ہے، جہاں ان دنوں شدّت کی گرمی پڑرہی ہے جبکہ عدالتی احکامات کے باجود بھی انہیں رہا نہیں کیا جا رہا ۔ انہوں نے عید سے قبل تمام کشمیری نظربندوں کی رہائی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جبر و استبداد کی کارروائیوں کے ذریعے مقبوضہ علاقے کی صورتحال کو دن بہ دن مزید خراب کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے شوپیان کے وھیل اور ترکہ وانگام دیہات میں بھارتی فورسز کی چیرہ دستیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قابض فوج نے عام کشمیریوں کے خلاف باضابطہ ایک جنگ چھیڑ رکھی ہے ۔ سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یٰسین ملک نے کہا کہ کشمیری بھارت کے تمام تر ظلم و ستم کے باوجود حقِ خودارادیت کے حصول کی جدوجہدمنزل کے حصول تک جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :