مقبوضہ کشمیر میں جاری خون خرابے کی ذمہ دار بھارتی حکومت ہے، سید علی گیلانی

ہفتہ 17 جون 2017 20:08

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے ریاست میں جاری خون خرابے پر سخت افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کا ذمہ دار بھارتی حکومت کوقراردیا ہے جو کشمیر کے حوالے سے ضد اور ہٹ دھرمی کی پالیسی پر قائم ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے کولگام میں شہید ہونے والے نوجوانوں جنید متو اور عادل احمد میرکے نماز جنازوں سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے مقدس خون کا تقاضا ہے کہ ہم ان کے چھوڑے ہوئے مشن کو پایہٴ تکمیل تک پہنچانے میں اپنا حق ادا کریں اور ان شہدا کے خون کی قیمت ظالم اور جابر سے مراعات کے عوض طلب نہ کریں، یہی ہمارے لیے شہداء کے حق میں بہترین خراج ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ قیمتی انسانی زندگیوں کے اتلاف پر کوئی ذی ہوش اور انسانی دل رکھنے والا شخص خوش نہیں ہوسکتا لیکن دہلی کے پالیسی ساز کشمیریوں کے لیے رحم اور نرمی کا کوئی جذبہ نہیں رکھتے ہیں اور وہ سیاسی اور انسانی طریقہ اپنانے کے بجائے کشمیریوں کو طاقت کے بل پر دبانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

(جاری ہے)

آزادی پسند راہنما نے کہاکہ بھارت نواز جماعتیں اور رہنما ہماری مشکلات کے لیے سب سے بڑے ذمہ دار ہیں۔

یہ لوگ صرف اپنے مفادات سے مطلب رکھتے ہیں اور ان کو کشمیریوں کے جینے اور مرنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل کو ختم کیا جارہا ہے، ہماری عزتوں پر حملے کئے جارہے ہیں، ہمارے مکانوں کو زمین بوس کیا جارہا ہے، آزادی پسندوں کو این آئی اے کے ذریعے فرضی کیسوں میں ملوث کیا جارہا ہے اور ہمارے نو جوانوں کو جیلوںاور انٹروگیشن سینٹروں میں سڑایا جارہا ہے،ہمیں دانے دانے کا محتاج بنانے کی کوششیں کی جارہی ہیں لیکن بھارت نواز رہنما اندھوںاور بہروں کی طرح صرف اپنی کرسیوں کے ساتھ چمٹے رہتے ہیں اور بھارت کی طرف سے جاری ظلم وجبر کے خلاف ان کی زبانیں گنگ رہتی ہیں۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ ہماری جدوجہدایک مقدس جدوجہد ہے اور ہم بھارت سے اس کا کوئی جائز حصہ چھیننا نہیں چاہتے ہیں بلکہ جموں وکشمیر ایک متنازعہ خطہ ہے اور ہم بھارت سے ان وعدوں کا ایفا چاہتے ہیں جو اس نے ہمارے ساتھ قومی اور بین الاقوامی سطح پر کئے ہیں کہ جموں وکشمیر کے مظلوم عوام کو حقِ خودارادیت کے استعمال کا موقع فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کرسکیں۔

انہوں نے کہاکہ بھارت طاقت کے نشے میں مبتلا ہوکر ہماری جائز جدوجہد کو فوجی طاقت سے کچلنا چاہتا ہے۔آزادی پسند رہنما نے یقین ظاہر کیا کہ کشمیری ضرور بھارت کے جبری قبضے سے آزاد ہوجائیں گے بشرطیکہ یکسوئی، یکجہتی، آپسی اتحاد اور ہم آہنگی کے ساتھ اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں۔انہوں نے شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔