آزادکشمیر میں ن لیگ کی حکومت کا ایک سال گزشتہ 40 سال کی حکومتی کارکردگی پر بھاری ہے،پیر سید علی رضا بخاری

ترقیاتی انقلاب کا تمام کریڈٹ وزیراعظم نوازشریف اور وزیراعظم آزادکشمیرفاروق حیدر خان کو جاتا ہے،رکن آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 6 جولائی 2017 17:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 جولائی2017ء) ممبر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی پیر سید علی رضا بخاری نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں ن لیگ کی حکومت کا ایک سال گزشتہ 40 سال کی حکومتی کارکردگی پر بھاری ہے۔ 23 ارب کے ترقیاتی بجٹ سے صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کے شعبوں میں ترقیاتی انقلاب آئے گا جس کا تمام کریڈٹ وزیراعظم پاکستان نوازشریف اور وزیراعظم فاروق حیدر خان کو جاتا ہے۔

اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں کے ایک گروپ کے ساتھ خصوصی گفتگو میں پیر سید علی رضا نے کہا کہ جولائی کا مہینہ آزادکشمیر میں پارلیمانی تاریخ کا اہم مہینہ ہے جس میں آزادکشمیر کے عوام نے مسلم لیگ ن کو بھاری مینڈیٹ سے نوازا اور مسلم لیگ ن کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہ کہ گزشتہ کے ایک سال میں مسلم لیگ ن کی حکومت نے باہمی اتفاق و اتحاد سے سسٹم کی بہتری کے لئے انتہائی دانشمندانہ فیصلے کئے جس کے انتہائی دٴْوررس نتائج نکلنا شروع ہو چکے ہیں۔

محکمہ تعلیم میں سفارشی بھرتیوں کا خاتمہ کر کے این ٹی ایس کے ذریعہ بھرتیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کو ریاست کے پڑھے لکھے نوجوانوں نے بہت سراہا ہے۔ اب ایک ہونہار اور محنتی طالب علم کو اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد سفارش کی ضرورت نہیں ہو گی۔ انہوں نے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی طرف سے آزادکشمیر میں سیاحت کے فروغ کے لئے سیاحوں کو تمام تر سہولیات کی فراہمی کے لئے احکامات جاری کرنے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر سیاحت کی ترقی و فروغ کے لئے اہم جگہ ہے جس سے فائدہ اٹھا کر ریاستی عوام کے لئے روزگار کے بہتر مواقع پیدا کئے جا سکتے ہیں۔

ایک سوال پر پیر علی رضا بخاری نے کہا کہ آزادکشمیر کی سڑکوں کی کشادگی اور پختگی کے لئے چار ارب روپے سالانہ کے بجٹ کو بڑھا کر ساڑھے نو ارب روپے کر دیا گیا ہے جس سے بین الاضلاعی اور پاکستان کے ساتھ رابطہ سڑکوں کی معیاری تعمیر کو یقینی بنایا جائے گا۔راٹھور