ْمقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک فیصلہ کن رائونڈ میں داخل ہو چکی ہے،بیرسٹر سلطان چوہدری

آزادی کے اہم ترین موڑ پر ہمیں اپنی سفارتی سطح پر مظلوم کشمیریوں کیلئے موثر انداز میں آواز بلند کرنا ہو گی،مقبوضہ کشمیر میں جاری بدترین مظالم کو بین الاقوامی برادری کے سامنے بے نقاب کر کے مودی کا اصل اور مکروہ چہرہ دکھانا ہو گا، صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر

پیر 7 اگست 2017 17:44

چکسواری / ڈڈیال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2017ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک فیصلہ کن راونڈ میں داخل ہو چکی ہے۔آزادی کے اس اہم ترین موڑ پر ہمیں اپنی سفارتی سطح پر مظلوم کشمیریوں کے لیے موثر انداز میں آواز بلند کرنا ہو گی۔

مقبوضہ کشمیر کے اندر جاری بدترین مظالم کو بین الاقوامی برادری کے سامنے بے نقاب کر کے مودی کا اصل اور مکروہ چہرہ دکھانا ہو گا۔افسوس آزادی کے اس اہم ترین موڑ پر بیس کیمپ کے حکمران الحاق پاکستان کے منافی بیان دے کر بین الاقوامی سطح پر آزادی کی تحریک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے کا سبب بن رہے ہیں۔ایک طرف مقبوضہ کشمیر میں ہمارے کشمیری بھائی بھارتی افواج کی بندوقوں کے سامنے کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگا رہے ہیں تو دوسری طرف آزادی کے بیس کیمپ کا وزیر اعظم یہ کہہ رہا ہے کہ ہم سوچیں گے کہ ہم کس ملک سے الحاق کریں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار اُنھوں نے چکسواری میں پی ٹی آئی کے چیف آرگنائزر ظفر انور کی طرف سے استقبالیہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس سے قبل کشمیر پی ٹی آئی کے صدر و سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر بیر سٹر سلطان محمود چوہدری ڈڈیال بہاری پہنچے تو اس موقع پر اُن کا والہانہ استقبال کیا گیا۔اس موقع پر چئیر مین اکبر چھترو،خان ظفر ،ضلعی صدرچوہدری صدیق،تحصیل صدر محمد عارف ،چئیر مین سجاول،سٹھی منیر،راجہ امجد حمید،راجہ طارق،ندیم بوٹا،نگاہ کرم نقوی اور دیگر بھی موجود تھے۔

استقبالیہ تقریب قادری حفیظ الرحمن کی رہائشگاہ پر انعقاد پذیر ہوئی۔اس موقع پرسابق اُمیدوار اسمبلی راجہ فیروز کے فرزند کاشف فیروز ،راجہ طلعت اورمرزا رفیق اپنے کنبے قبیلے کے ساتھ پی ٹی آئی میں شامل ہوئے۔استقبالیہ تقریب سے ظفر انور اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔بیر سٹر سلطان محمودچوہدری نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ آزاد کشمیر کے اندر بدترین کرپشن کا دور دورہ ہے۔

انتظامی افسران اس کرپشن کا حصہ نہ بنیں کیونکہ عنقریب آزاد کشمیر کے اندر احتساب کا ایسا دور شروع ہونے والا ہے جس کی زد میں آئے بغیر کرپٹ عناصر بچ نہ سکے گا۔میں انتظامی افسران کو پہلے بھی متنبہ کرتا ہوں کہ وہ اپنی روش کو تبدیل کر لیں۔کشمیر پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے اندر کسی قسم کی کرپشن نہیں ہونے دے گی۔ہم کرپٹ عناصر اُس وقت تک پیچھا نہیں چھوڑیں گے جب تک اُنھیں عبرت کا نشان نہ بنا دیں ۔

کشمیر پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے لوگوں کو اس بات کا یقین دلاتا ہوں کہ اُن کی عزت نفس اور وقار کا ہمیشہ خیال رکھا جائے گا،پاکستان میں عنقریب تحریک انصاف کے اقتدار کا سورج طلوع ہونے والا ہے۔عمران خان کی قیادت میں تبدیلی کا خواب حقیقت بننے جا رہا ہے۔پاکستانی عوام عمران خان کی قیادت میں کرپٹ عناصر کے خلاف میدان عمل میں اُتر چکی ہے۔پاکستان میں حکومتی تبدیلی کے ساتھ ہی آزاد کشمیر سے نواز شریف کی باقیات کا خاتمہ ہو جائے گا۔وزیر اعظم آزاد کشمیر نظریہ الحاق پاکستان کے خلاف بیان دے کر آئینی طور پر وزارت عظمیٰ کے اہل نہیں رہے۔وہ خود مستعفی ہو جائیں ورنہ اُن کا حال بھی نواز شریف جیسا ہو گا۔