بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرکے اکثریتی مسلم علاقوں کو اقلیت میں بدلنا چاہتی ہے ، تاکہ رائے شماری کے ممکنہ نتائج پر اثر انداز ہوسکیں،عالمی برادری اس کانوٹس لے،

پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے سینئر نائب صدر وسابق وزیر حکومت چودھری پرویز اشرف کا عشائیہ سے خطاب

جمعہ 11 اگست 2017 15:16

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اگست2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے سینئر نائب صدر وسابق وزیر حکومت چودھری پرویز اشرف نے کہاہے کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرکے اکثریتی مسلم علاقوں کو اقلیت میں بدلنا چاہتی ہے ، تاکہ رائے شماری کے ممکنہ نتائج پر اثر انداز ہوسکیں،عالمی برادری اس کانوٹس لے، ، وہ آج یہاں اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کررہے تھے ، انہوں نے کہاکہ بھارت سرکار مقبوضہ کشمیر میں جبروتشدد کے ذریعے کشمیریوںکے بنیادی حقوق آزادی پر قابض رہنا چاہتاہے ۔

برہان وانی کی شہادت سے آزادی کی اٹھنے والی نئی تحریک کوروکنا بھارت کے بس کی بات نہیں رہی ، کشمیری جلد آزادی کاسورج طلوع ہوتے دیکھیںگے ، اقوام عالم مقبوضہ کشمیر میں مظلوم کشمیریوں کیساتھ ہونیوالے مظالم کانوٹس لے ، کشمیرمیں چلنے والی آزادی کی تحریک دنیا کی واحد تحریک ہے ۔

(جاری ہے)

جس میں بلٹ کاجواب پتھر سے دیاجارہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر ی عوام اقوام متحدہ کے چار ٹر کے تحت اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں موجود ہیں۔

ان کے ذریعے کشمیری عوام کو استصواب رائے کے حصو ل کیلئے جدوجہد کی اجازت دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کو اس کے حقیقی تناظر میں اجاگرکرنے کیلئے دنیا بھر کے سفارتخانوں میں کشمیر ڈیسک قائم کرے ۔ اور پارلیمانی وفود پوری دنیا میں بھیجے جائیں۔ چودھری پرویز اشرف کاکہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں اسوقت دراندازی ، دہشت گردی عروج پر ہے ، معصوم کشمیریوں کاقتل عام جاری ہے ، حریت راہنما ئوں پر نماز جیسی عبادت کی ادائیگی پر پابندی ، بھارت متنازعہ علاقہ مقبوضہ کشمیر میں غیر ریاستی لوگوں کو بسا کر عالمی معاہدے کی خلاف ورزی کررہاہے ۔

کشمیر کے اند رہونے والی صورت حال کو چھپانے کیلئے بھارت اپنی مکاری سے لائن آف کنٹرول پر آّئے روز فائرنگ کرکے دونوں اطراف کے کشمیریوں کو تنگ کررہاہے ۔ جو بھارت کی جانب سے شروع کردہ غیر اعلانیہ جنگ ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان بھارت کی ہٹ دھرمی ، اسلحہ سازی ، جنگی جنون کو بھانپتے ہوئے اقوام عالم تک مسئلہ کشمیر کی قراردوں کی روشنی میں بات کرے ۔تاکہ ایک ایسا خطہ جس کے امن سے کئی ممالک کو فائدہ پہنچے گا۔ عشائیہ کے موقع پر دبئی میں کشمیری کمیونٹی کے سینکڑوں راہنمائوں نے شرکت کی ۔