کشمیری اپنی نوجوان نسل کے قتل عام پر خاموش نہیں رہیں گے ،ْحریت رہنمائوں اور تنظیموں کا شہید نوجوانوںکو خراج عقیدت

بھارتی قیادت کے دھمکی آمیز بیانات کے بعد جموں وکشمیر میں شہریوں کے قتل عام میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ،ْ سید علی گیلانی ،ْمیر واعظ ،ْ یاسین ملک

منگل 15 اگست 2017 13:58

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2017ء) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمدیاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں دو بے گناہ نوجوانوں اویس احمد اور محمد سعید کے قتل اورتیس سے زائد افراد کو زخمی کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ کشمیری عوام اور حریت قیادت اپنی نوجوان نسل کی نسل کشی ُ پر خاموش نہیں رہ سکتے ۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت قائدین نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں کہاکہ ایک منصوبے کے تحت کشمیریوںکی نسل کشی ُ کی جارہی ہے۔ محمد یاسین بٹ اور اویس احمد ڈار ہفتہ کے روز شوپیاں کے علاقے آونیورہ میں بھارتی فوجیوںکی طرف سے پر امن مظاہرین پر بلا اشتعال فائرنگ کے دوران زخمی ہو گئے تھے جو بعدازاں ہسپتال میں زخموںکی تا ب نہ لاتے ہوئے چل بسے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں تعینات لاکھوں بھارتی فوجیوں کو وادی کشمیرمیں نہتے کشمیریوں اور پر امن مظاہرین کے قتل عام کی کھلی چھوٹ حاصل ہے ۔ حریت قائدین نے نہتے شہریوں خاص طورپر نوجوانوں کے خلاف ظلم و تشدد اور فوجی طاقت کے استعمال کی پالیسی کی شدید مذمت کی ۔ انہوںنے کہاکہ بھارتی قیادت کے دھمکی آمیز بیانات کے بعد جموں وکشمیر میں شہریوں کے قتل عام میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

انہوںنے کشمیریوں کی نسل کٴْشی پر عالمی برادری کی خاموشی کو مجرمانہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ بھارت کی لاکھوں کی تعداد میں فوج نہتے اور عام کشمیریوں کے خلاف برسرِجنگ ہے اور کشمیری نوجوانوں کو چٴْن چٴْن کرقتل کررہی ہے۔ سید علی گیلانی ،میر واعظ عمرفاروق وار محمد یاسین ملک نے محمد یٰسین ایتواورانکے دو ساتھیوں جنہیں بھارتی فوجیوںنے شوپیاں میں ایک جھڑپ کے دوران شہید کردیا تھا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔

دریں اثناء تحریک حریت کا ایک وفد جس میں بشیر احمد قریشی، محمد رفیق اویسی، سجاد احمد، ظہور احمد بیگ اور عبدلاحد شامل تھے ناگم چاڈورہ میںمحمد یٰسین ایتو کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔انہوںنے شہید کے اہلخانہ کوحریت چیئرمین سید علی گیلانی کی طرف سے ہمدردی اور یکجہتی کا پیغام پہنچایا۔ ادھر حریت رہنمائوں اور تنظیموں مختار احمد وازہ ، ظفر اکبربٹ ، جاوید احمد میر ، بلال صدیقی، محمد یوسف نقاش،محمد رمضان خان ، محمد شفیع لون ، خواجہ فردوس وانی، زمرودہ حبیب، فریدہ بہن جی، یاسمین راجہ ، شبیر احمدڈار ، محمد احسن اونتو، دختران ملت اور جموںوکشمیر مسلم لیگ نے اپنے الگ الگ بیانات میں شہید نوجوانوںکو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔

مسلم لیگ کے ایک وفد نے پلوامہ کے علاقوں یاری پورہ اور کاکہ پورہ میںشہداء کے جنازے میں بھی شرکت کی ۔