مقبوضہ کشمیر میں مزید بھارتی فوجیوں کی تعیناتی پر حریت کانفرنس کا اظہار تشویش

ْبھارتی حکمران اپنے عوام کی دھوکہ دینے کیلئے کشمیر کارڈ استعمال کررہے ہیں، محمد یاسین ملک بھارت نواز سیاسی جماعتیں کشمیر کی موجودہ صورتحال کی ذمہ دارہیں ،تحریک آزادی کو امن وامان کا مسئلہ قراردے کر عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہیں، خطاب

پیر 21 اگست 2017 21:44

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2017ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے علاقے میں مزید بھارتی فوجیوں کی تعیناتی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے 7لاکھ سے زائد فوجی تحریک آزادی کو دبانے کے لیے پہلے ہی کشمیریوںکا قتل عام کررہے ہیں۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت اور اس کی کٹھ پتلیوں کاعلاقے میں نسل کشی روکنے کاکوئی ارادہ نہیں ہے۔

حریت کانفرنس نے بھارت نواز سیاسی جماعتوں کو کشمیر کی موجودہ صورتحال کا ذمہ دار قراردیتے ہوئے کہا کہ یہ جماعتیں تحریک آزادی کو امن وامان کا مسئلہ قراردے کر عالمی برادری کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے علیل چیئرمین سید علی گیلانی نے ایک ویڈیو خطاب میں بھارت پر زوردیا ہے کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا اپنا وعدہ پورا کرے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویٰ کرتا ہے لیکن وہ کشمیر میں جمہوری اصولوں پر عمل نہیں کررہا ۔ جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے پیر کو سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی حکمران اپنے عوام کودھوکہ دینے کے لیے کشمیر کارڈ کا استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمران اپنے اداروں نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کو سیاسی مقاصدکے لیے ہتھیار کے طورپر استعمال کررہے ہیں۔

شوپیان میں پیر کو ہزاروں افراد نے گیارہویںجماعت کے طالب علم گوہر احمد ڈار کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ نوجوان کی گولیوں سے چھلنی لاش گزشتہ روز ضلع کے علاقے بٹیاری محلہ سے برآمد کی گئی تھی۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ طالب علم کے قتل میں بھارتی ایجنسیاں ملوث ہیں۔ حریت رہنما ئوںظفر اکبر بٹ، جاوید احمد میراور مختار احمد وازہ نے شہداء کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کے لیے اسلام آباد اور چاڈورہ کے علاقوں کا دورہ کیا۔

تحریک حریت کے غیر قانونی طورپر نظربند رہنما عمر عادل ڈار کو آج نوگام پولیس سٹیشن سے سینٹرل جیل سرینگر منتقل کیا گیا ۔ انہیں 14اگست کو سرینگر میں اپنے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا۔بھارتی پولیس نے بھارتی ریاست تلنگانہ کے شہر حیدر آباد میں 3کشمیری طالب علموں کو ایک سینماء میں بھارت کا قومی ترانہ بجانے پر کھڑ انہ ہونے کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔

طالبعلموں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ نے آج اسلام آباد میں ایک سیمینار میں شہید حریت رہنما شیخ عبدالعزیز کو کشمیر کاز کے لیے شاندار خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ مقررین نے اس موقع پر آرٹیکل 35A کو منسوخ کرنے کی کوششوں، حریت رہنمائوں کے گھروں پر چھاپوں اور مقبوضہ کشمیر میں جاری قتل و غارت کی شدید مذمت کی۔ سیمینار سے برطانیہ کی رکن پارلیمنٹ یاسمین قریشی،غلام محمد صفی، محمد فاروق رحمانی، سید فیض نقشبندی ، شیخ تجمل الاسلام، نفیس ذکریا اور راجہ نجابت نے خطاب کیا۔