سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کیلئے دائر درخواست پر وفاقی حکومت ،وزارت داخلہ کو نوٹس جاری ،25 اگست تک جواب طلب

منگل 22 اگست 2017 17:12

سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کیلئے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اگست2017ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون رشید شیخ نے سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کیلئے دائر درخواست پر وفاقی حکومت اور وزارت داخلہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 اگست تک جواب طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار بیرسٹر سید محمد جاوید اقبال جعفری نے موقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ پانامہ کیس کے فیصلے کی روشنی نوازشریف کو نااہل قرار دیا گیا ہے، میاں نوازشریف سپریم کورٹ کے احکامات کے برعکس نیب میں پیش نہیں ہو رہے، میاں نواز شریف کے پاس پاسپورٹ پر کئی ممالک کے ویزے لگے ہیں جس کی وجہ سے خدشہ ہے کہ وہ قانونی کارروائی سے بچنے کے لئے بیرون ملک چلے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس کے علاوہ عدالتوں میں میاں نواز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ، وفاقی کابینہ کی منظوری کے بغیر ملکہ برطانیہ سے سر کا خطاب لینے کے علاوہ ایمل کانسی کو امریکہ کے حوالے کرنے کے مقدمات زیر التواء ہیں، انہوں نے استدعا کی کہ عدالت میاں نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کے احکامات صادر کرے۔

جس پر عدالت نے وفاقی حکومت اور دیگر فریقین کونوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 25اگست تک ملتوی کر دی۔