مقبوضہ کشمیر ،ْ بھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج ہندواڑہ قصبے میں ایک اور نوجوان کو شہیدکردیا

منگل 22 اگست 2017 21:40

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2017ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوںنے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج ہندواڑہ قصبے میں ایک اور نوجوان کو شہیدکردیا ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق فوجیوںنے نوجوان کوہندواڑہ کے علاقے ہنگنی کوٹ رامہال میں تلاشی اور محاصرے کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا۔ضلع پلوامہ سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق بھارتی فوج اور پولیس اہلکاروںنے ترال کے علاقے خان محلہ آری پل میں تلاشی اور محاصرے کی ایک مشترکہ کارروائی کی ۔

تمام داخلی اور خارجی مقامات کی ناکہ بندی کرکے علاقے میں گھر گھر تلاشی شروع کر دی گئی ہے ،ْکل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں غیر قانونی طورپر نظربند تما م رہنمائوں اور کارکنوںکی عید الاضحی سے قبل رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہاگیا کہ کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے چھاپوںاور حریت رہنماؤں شبیر احمد شاہ، پیر سیف اللہ، الطاف احمد شاہ، شاہد الاسلام، ایاز محمداکبر، معراج الدین کلوال، نعیم احمد خان، دیویندر سنگھ بہل اور کئی تاجروں کی گرفتاریوں میں بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی معاونت کی ہے ۔

حریت کانفرنس نے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ تمام کشمیری نظربندوں کی فوری رہائی کیلئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کریں۔میرواعظ عمرفاروق کی زیر قیادت حریت فورم نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیر ی عوام جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کریں گے اور وہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے منصوبے کی بھرپور مزاحمت کریں گے۔

کشمیری تاجر وںنے سرینگر میں بھارتی آئین کے آرٹیکل 35A کو منسوخ کرنے کے بھارتی منصوبے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے گورنر ہائوس کی طرف مارچ کی کوشش کی لیکن بھارتی پولیس نے مارچ کو روکنے کے لیے طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا اور کئی تاجر رہنمائوں کو گرفتار کرلیا۔ ادھرورلڈکشمیر اویئر نس فورم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی نے واشنگٹن میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان امن کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

آزادکشمیر کے سابق وزیر اعظم بیرسٹر سلطان محمو چوہدری نے اس موقع پرخبردار کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فورسز کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر عالمی طاقتوں کی مجرمانہ خاموشی سے بھارت کو نہتے کشمیریوں کا قتل عام کرنے کا لائسنس مل گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :