شوپیا ن میں شہید ہونیوالے نوجوانوں کو سید علی گیلانی سمیت حریت رہنمائوں کا خراج عقیدت

مسئلہ کشمیر کے حل نہ ہونے کی وجہ سے ہمارے نوجوانوں کی چوتھی نسل کودیوار کے ساتھ لگا یا جارہا ہے ، بھارتی مظالم ہمارے جذبہ آزادی اور عزم کو نہیں توڑ سکتے، بیان

منگل 10 اکتوبر 2017 20:54

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2017ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے ضلع شوپیان میں کیلر کے علاقے گتی پورہ میں شہید ہونے والے نوجوانوںآصف احمد ،زاہد احمداور عرفان اللہ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل نہ ہونے کی وجہ سے ہمارے نوجوانوں کی چوتھی نسل کودیوار کے ساتھ لگا یا جارہا ہے اور انہیںانتہائی قدم اٹھانے پر مجبور کیاجارہا ہے۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ جموں وکشمیر دنیا میں سب سے زیادہ فوجی جمائو والا علاقہ ہے جہاں نوجوان خود کو غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا بھارتی حکمرانوں کو حق خود ارادیت کی تحریک اور دہشت گردی میں فرق کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت کے مظالم ہمارے جذبہ آزادی اور عزم کو نہیں توڑ سکتے۔

انہوں نے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو پرامن طریقے سے حل کرانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے۔ جموں وکشمیر سالویشن مومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے بھی ایک بیان میں شہید نوجوان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ عدنان سلفی ، مدثر احمد اور فاروق احمدپر مشتمل سالویشن مومنٹ کے ایک وفدنے شوپیان میںشہید نوجوانوں کی نمازجنازہ میں شرکت کی اور ان کے گھرجاکر اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیا۔

جموں وکشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے ترجمان نے شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری نوجوان ایک مقدس مقصد کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں اور یہ قربانیاں ہماری مبنی برحق جدوجہد کا انمول سرمایہ ہیںجن کو کشمیری قوم کبھی فراموش نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہاکہ ان قربانیوں کی حفاظت کرنا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کی بدولت ہی تحریک آزادی کشمیر ایک فیصلہ کن مرحلے میںداخل ہوچکی ہے۔جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ (آر) نے بھی ایک بیان میں شہید نوجوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ تنظیم کے جنرل سیکرٹری وجاہت قریشی نے شہید نوجوانوں کے اہلخانہ سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔