فائر لائن پر بھارتی فوج کی جارحیت نے ریاستی عوام کے جذبہ آزادی کو مزید تقویت دی ہے ،ْمحمد عزیز

آئے روز فائرنگ کے واقعات کے باوجود سیز فائر لائن پر بسنے والے ریاستی عوام کے حوصلے بلند اور عزم جوان ہے ،ْ وزیر مواصلات

بدھ 11 اکتوبر 2017 18:15

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اکتوبر2017ء) آزاد کشمیر حکومت کے وزیر مواصلات و ورکس چوہدری محمد عزیز نے کہا ہے کہ سیز فائر لائن پر بھارتی فوج کی جارحیت نے ریاستی عوام کے جذبہ آزادی کو مزید تقویت دی ہے ،ْآئے روز فائرنگ کے واقعات کے باوجود سیز فائر لائن پر بسنے والے ریاستی عوام کے حوصلے بلند اور عزم جوان ہے ،ْبزدل بھارتی افواج نہتے عوام پر گولہ باری کرکے چھپ جاتے ہیں ۔

یہ مردانگی نہیں ،ْ بھارت ریاستی عوام کے جذبہ عزم آزادی اور تحفظ سے بخوبی آگاہ ہے ۔ اگر اس نے آزاد کشمیر کے اند رکسی نام نہاد سرجیکل سٹرائیک کی کوشش کی تو آزاد کشمیر کی سرزمین اس کیلئے قبرستان بنا دینگے ۔ اگر جنگ مسلط کی گئی تو یہ جنگ بھارتی علاقوں میں ہوگی ۔

(جاری ہے)

اپنے آفس چیمبر میں پارٹی کارکنان اور عوامی وفود سے بات چیت کے دوران چوہدری محمد عزیز نے کہا ہے کہ افواج پاکستان دفاع وطن کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہی ہے ۔

انہی قربانیوں کیوجہ سے تحریک آزاد کشمیر جاری ہے اور پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے ۔ ریاستی عوام کو افواج پاکستان پر مکمل اعتماد ہے اور سیز فائر لائن پر بھارتی گولہ باری کا مردانہ وار مقابلہ کرکے دفاع وطن کیلئے فرنٹ لائن کا کردار ادا کررہے ہیں ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جارحیت کا کوئی بھی حربہ تحریک آزادی کشمیر کو کمزور کرسکتا ہے اور نہ ہی ریاستی عوام بھارتی جارحیت کو کامیاب ہونے دینگے ۔

بھارتی افواج کے بزدل کمانڈر آئے روز سرجیکل سٹرائیک کی دھمکیاں دیتے ہیں ہم ان پر واضح کردینا چاہتے ہیں کہ اگر کسی نے سیز فائرلائن عبور کرکے آزاد کشمیر کی طرف قدم بڑھانے کی کوشش کی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائیگا اور آزاد کشمیر کی سرزمین بھارتی فوجیوں کیلئے قبرستان ثابت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر حکومت تحریک آزادی کشمیر کیلئے بھرپور اقدامات کررہی ہے ۔

وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان اور سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق کا دورہ برطانیہ و یورپ اس سلسلے کی کڑی ہے ۔ تارکین وطن کا تحریک آزادی کشمیر میں بنیادی کردار ہے ۔ سفارتی سطح پر تحریک آزادی کشمیر کیلئے ہونیوالی تمام سرگرمیاں تارکین وطن کے ہی مرہون منت ہیں۔ چوہدری محمد عزیز نے آزاد کشمیر حکومت کی ایک سال کی کارکردگی کو اطمینان بخش قراردیتے ہوئے واضح کیا کہ میرٹ اور گڈ گورننس کی بنیاد رکھ دی گئی ہے ۔

این ٹی ایس اور پبلک سروس کمیشن کے ذریعہ تعلیم یافتہ بیروزگار نوجوانوں کیلئے روزگار کے دروازے کھل چکے ہیں ۔ وزیراعظم کمیونٹی انفراسٹرکچر پروگرام کے تحت پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں میں بھی بنیادی ضروریات زندگی کی فراہمی کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں جبکہ آزاد کشمیر کے 11ہسپتالوں میں فری میڈیکل ایمر جنسی سروسز موجودہ حکومت کا اہم کارنامہ ہے ۔ جہاں سے بلا تخصیص تمام ایمر جنسی مریضوں کو فری طبی سہولیات میسر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں ۔

متعلقہ عنوان :