مقبوضہ کشمیر میں شہید نوجوانوں کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت،اوڑی میںپر امن مظاہرین پر فائرنگ ،9 افراد زخمی

ہفتہ 14 اکتوبر 2017 19:24

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اکتوبر2017ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں وسیم احمد شاہ اور ناصر احمد کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوںنے ان نوجوانوں کو ہفتے کے روز صبح سویرے ضلع پلوامہ کے علاقے لیتر میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا تھا۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق وسیم احمد شاہ کو آبائی علاقے ہف جبکہ ناصر احمد کو انکے آبائی علاقے لیتر میں سپرد خاک کیا گیا۔ لوگوں کی کثیر تعداد کے باعث دونوں شہید نوجوانوں کی نماز جنازہ متعدد مرتبہ ادا کی گئی جس کے بعد انکے اجساد آزادی کے حق میں اوربھارت کے خلاف نعروں کی گونج میں سپرد خاک کیے گئے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا ضلع بارہمولہ کے علاقے اوڑی میں بونیار کے مقام پر لوگوں نے ایک خاتون کی چٹیا کاٹنے میں ملوث ایک شخص کو قابو کر لیا تاہم بھارتی پولیس نے اچانک نمودار ہو کر مجرم کو لوگوں سے چھڑا لیا ۔

پولیس کے اس اقدام پر لوگ سخت مشتعل ہو گئے اور انہوں نے زبردست مظاہرے شروع کر دیئے۔ قابض فورسز کے اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کی شدید شیلنگ کی اور پیلٹ برسائے جس کے نتیجے میں نو افراد زخمی ہو گئے ۔ ان میں سے سات افراد پیلٹ لگنے سے زخمی ہو ئے ۔