مقبوضہ کشمیر میں خواتین کی چٹیا کاٹنے کے واقعات میں بھارتی ایجنسیاں شامل ہیں ،شیخ سراج منیر

خواتین پرہندوستانی مظالم نا قابل معافی جرم ہیں ،عالمی برادری خواتین پر تشدد کے واقعات کا نوٹس لے ، رہنما مسلم لیگ ن

پیر 16 اکتوبر 2017 19:54

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2017ء) مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے مرکزی ممبرمجلس عاملہ شیخ سراج منیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں خواتین کی چٹیا کاٹنے کے واقعات میں بھارتی ایجنسیاں اور انکے ایجنٹ شامل ہیں خواتین پرہندوستانی مظالم قابل نفرت اور نا قابل معافی جرم ہیں عالمی برادری انسانی حقوق کی تنظیموں کو خواتین کے ساتھ جاری پر تشدد واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے بھارت کیخلاف عملی اقدامات اٹھانے ہونگے بھارت تحریک آزادی میں جدوجہد کرنیوالی ہماری ماوں ، بہنوں ، بیٹیوں کو خوف زدہ کر نے کیلئے اس طرح کے گھناونے فعل کروا رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز صحافیوں سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی خفیہ ایجنسیوں اور بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے خواتین کی چٹیاں کاٹنا بزدلانہ فعل ہے ایل او سی پر کشیدگی تحریک آزادی سے توجہ ہٹانے کی سازش ہے، بھارت کے بزدلانہ اقدامات سے کشمیری مرعوب نہیں ہونگے، بھارتی اشتعال انگیزی جنوبی ایشیاء کے امن کیلئے شدید خطرہ ہے، ہندوستان کی مکاری پوری دنیا کے سامنے عیاں ہو چکی ہے ، انہوںنے اقوام عالم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ انسانیت سوز مظالم کا نوٹس لیتے ہوئے بھارت پر دبائو بڑھائے کہ وہ جلد از جلد مقبوضہ جموں کشمیر سے اپنی افواج کا انخلاء کرے اور اقوام متحدہ اپنی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو استصواب رائے کا حق دلوائے تاکہ خطہ میں امن ممکن ہوسکے۔